برطانیہ میں مقیم تمام کشمیری اپنے اپنے ممبر آف پارلیمنٹ کو 19جنوری کو ہائوس آف کامنز میں مسئلہ کشمیر پر بحث کیلئے شرکت پر آمادہ کریں‘برطانوی پارلیمنٹ میں پہلی بار تین گھنٹے مسئلہ کشمیر مین چیمبر میں بحث کی کامیابی تارکین وطن کشمیریوں کا تاریخی کارنامہ ہے‘کشمیر گروپ کے چیرمین ڈیوڈ نٹال ایم پی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین نجابت حسین کادورہ پاکستان وآزاد کشمیر سے واپسی پر مشاورتی اجلاس سے خطاب

پیر 16 جنوری 2017 14:55

بریڈ فورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) برطانیہ میں مقیم تمام کشمیری اپنے اپنے ممبر آف پارلیمنٹ کو 19جنوری کو ہائوس آف کامنز میں مسئلہ کشمیر پر بحث کے لئے شرکت پر آمادہ کریں۔برطانوی پارلیمنٹ میں پہلی بار تین گھنٹے مسئلہ کشمیر مین چیمبر میں بحث کی کامیابی تارکین وطن کشمیریوں کا تاریخی کارنامہ ہے۔کشمیر گروپ کے چیرمین ڈیوڈ نٹال ایم پی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جبکہ برطانیہ بھر میں مقیم کشمیری بلا امتیاز سیاسی وابستگی اس بحث کے دن گیارہ بجے سے لیکر شام تین بجے تک برطانوی پارلیمنٹ میں پہنچ کر اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ کے خیالات سے آگاہی حاصل کریں۔

پاکستان اور آزاد کشمیر کے حکمران اور عوام برٹش کشمیریوں کی جدوجہد اور کارکردگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نظریں دیگر ممالک میں مقیم کشمیریوں پر مرکوز ہیں۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کی پوری ٹیم دن رات ایک کر کے برطانوی اور یورپی ایوانوں میں مسلسل لابی کر رہی ہے اور حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیرمین راجہ نجابت حسین نے دورہ پاکستان وآزاد کشمیر سے واپسی پر ایک خصوصی مشاورتی اجلاس میں کیا۔جس کی صدارت تحریک کے سرپرست سردارعبدالرحمن نے کی جبکہ مہمان خصوصی ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر تھے۔مشاورتی اجلاس میں کونسلر اصغر خان قریشی ودیگر نے شرکت کی۔راجہ نجابت حسین نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کے یوتھ فورم کی طرف سے آرگنائز کیے گے عالمی کشمیر سیمینار میں تحریکی عہدیداروں ،برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور کونسلروں نے بھرپور انداز میں شرکت کر کے برٹش کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی جبکہ کشمیر ی وپاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد،لارڈ قربان حسین،افضل خان ایم ای پی،امجد بشیر ایم ای پی،جولی وارڈ ایم ای پی نے پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف،چیرمین سینٹ میاں رضا ربانی،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد،وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان،وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان،آزاد کشمیر کے -صدر سردار مسعود خان،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان ،سپیکر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر،سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین سے ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذوں پر اجاگر کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔