بھارتی ایجنسیاں کشمیری مسلمانوں کے درمیان مسلکی اختلافات کو ہوا دے رہی ہیں، سید علی گیلانی

پیر 16 جنوری 2017 16:55

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ملی اتحاد کوہر قیمت پر برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں ریاست میں مسلمانوں کے درمیان مسلکی اختلافات کو ہوا دینے کی کوششیں کررہی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ آزادی پسند قیادت ان کے ناپاک منصوبوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتفادہ سے بھارت کو کشمیرسے ایک سخت پیغام ملا ہے کہ یہاں کے عوام کسی صورت میں اس کے جبری قبضے کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور اب وہ یہاں مسلکی اختلافات کو ہوا دینے کے خطرناک منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دُنیا کی سامراجی طاقتیں بعض ممالک میں مسلمانوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے میں کسی حد تک کامیاب ہوگئی ہیں لیکن جموں وکشمیر میں ایسی کسی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور یہاں کے باشعور عوام ہر سطح پر ملی اتحاد کو برقرار رکھیں گے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جموں وکشمیر میں جو حالیہ احتجاجی تحریک چلی، اس نے دہلی کے پالیسی سازوں کو بہت پریشان کررکھا ہے اور وہ یہاں سے بالکل نااُمید ہوگئے ہیں۔ وہ انتفادہ کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے اب اوچھے ہتھکنڈے آزمانے لگے ہیں اور انہوں نے کشمیر میں اپنے زرخرید ایجنٹوں کو متحریک کردیا ہے جو مختلف طریقوںسے یہاں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سید علی گیلانی نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ صورتحال پر کڑی نظرکھیں اور فساد پھیلانے والے زرخرید ایجنٹوں کو بے نقاب کریں۔انہوں نے زور دیاکہ ہرفرقہ کے سرکردہ افراد کے ساتھ رابطہ قائم کرکے غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ حریت چیئرمین نے یقین ظاہر کیاکہ ماضی کی طرح اس بار بھی دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملایا جائے گا اور ملّت اسلامیہ کشمیرہم آہنگی اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔