نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کرنے کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب

پیر 16 جنوری 2017 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کرنے کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 20جنوری تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے قانونی طریق کار کے برعکس نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے نیپرا کے خود مختارادارے کی حیثیت کو ختم کرکے وزارت کے ماتحت کیا ۔

(جاری ہے)

اس کے لئے مشترکی مفادات کونسل اور وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی اور اس کے بغیر نوٹیفیکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے فاضل عدالت میں ریکارڈ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے 30ویںاجلاس میں خود مختار اداروں کی حیثیت کے حوالے سے معاملہ ایجنڈے کا حصہ تھا مگر سندھ اور خیبر پختونخواہ کے اتفاق رائے نہ ہونے کی بنا ء پر عین وقت پر اسے ایجنڈے سے نکال دیا گیا۔فاضل عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو بھی معاونت کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 20جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :