وزیر اعظم نے حقائق کو چھپانے کی مہارت حاصل کر لی ہے،نعیم الحق

پوری قوم سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کی منتظر ہے ، ن لیگ اپنا وزیر اعظم منتخب کریں کیس کا فیصلہ بہت جلد ہونے والا ہے ، وزیراعظم کی وطن واپسی پر بری خبر ان کی نااہلی کی ہو گی ، پی ٹی آئی رہنمائوں کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 19:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے حقائق کو چھپانے کی مہارت حاصل کر لی ہے امید ہے سپریم کورٹ تاریخی فیصلہ دے گی جس کی پوری قوم منتظر ہے ۔ پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے راہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف نے حقائق کو چھپانے کی مہارت حاصل کر لی ہے انہو ںنے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کے حقائق کو بھی چھپایا جا رہا ہے ۔

ہر معاملے کی حقیقت کو یہ حکومت چھپا رہی ہے اور نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان بھی یہ کوشش کر رہے ہیں کہ سپریم کورٹ سچ تک نہ پہنچے اور عدالت سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جب واپس ائیں گے تو ایک بری خبر ان کا انتظار کر رہی ہو گی اور وہ ہو گی ان کی نااہلی کی خبر ۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ امید کرتے ہیں سپریم کورٹ تاریخی فیصلہ دے گی جس کی پوری قوم منتظر ہیں ایک ہفتہ کے اندر کیس کا فیصلہ ہو جائے گا ۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم کے وکیل دہری شہریت پر دلائل دینے کے لئے کتابیں لائیبریری سے لے کر آئے اور انہیں پڑھ کر عدالت میں دلائل دیئے ۔ مخدوم علی خان کے دلائل کے دوران تمام لوگ سو رہے تھے اور اگر لوگوں کو جھنا ہے تو انہیں ویڈیو گیم دے دیں وہ کھیلتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے وکیل کے دلائل کا کیس سے کوئی تعلق نہیں وہ صرف سچ کو روکنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں اور عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں ان کی منشا ہے کہ سپریم کورٹ یہ کیس نہ سنے اور وہ سپریم کورٹ کا دائرہکار محدود ثابت کرنا چاہتے ہیں ۔

مخدوم علی خان کے تمام دلائل غیر متعلقہ تھے اور انہیں چار باتوں کا جواب دینا ہو گا اور انہیں چاہئے کہ حقائق پر مبنی دلائل دیں تاکہ عدالت کا وقت ضائع نہ ہو اور معاملہ جلد از جلد اس کیس کا فیصلہ سنا سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر برطانوی نشریاتی ادارے کی اسٹوری غلط ہے تو ان کے خلاف کیس کیوں نہیں کرتے اور آئی سی ، آئی جے کو عدالت میں کیوں نہیں لے کر جا رہے ۔ مسلم لیگ(ن) کو چاہئے کہ وہ اپنا وزیر اعظم منتخب کریں کیونکہ اس کیس کا فیصلہ بہت جلد ہونے والا ہے ۔(جاوید)