امیر جماعت اسلامی سندھ کا موسم سرما کی پہلی بارش پر جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار

حکومت حالیہ بارش سے متاثرہ افراد کو ہرممکن امداد اورنکاسی آب سمیت صفائی کے موئثر اقدامات کرے، ڈاکٹر معراجالہدیٰ صدیقی

پیر 16 جنوری 2017 19:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے موسم سرما کی پہلی بارش کے دوران کراچی سمیت سندھ میں جانی ومالی نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زوردیا ہے کہ حکومت حالیہ بارش سے متاثرہ افراد کو ہرممکن امداد اورنکاسی آب سمیت صفائی کے موئثر اقدامات کرے۔انہوں نے پیرکے روزاپنے ایک بیان میں کہا کہ معمولی بارش نے شہری اداروں کے بلند وبانگ دعووں اورکارکردگی کا پول کھول دیا ہے ہرطرف گندگی کے ڈھیر،گلی محلوں میں بارش کاگندا پانی جوھڑ اورتالاب کی شکل میں کھڑا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام اورموٹرسائکل وپیدل چلنے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔

بارش اللہ تعالیٰ کی رحمت ہوتی ہے مگر انتطامیہ کی نااہلی کی وجہ سے یہ عوام کیلئے زحمت بن جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معمولی بارش سے ملک کے سب سے بڑے اورصوبائی دارالخلافہ کی اس طرح کی افسوس ناک صورتحال گڈگورننس کے دعویدارحکمرانوں کے لیئے لمحہ فکریہ اور میئرکراچی سمیت منتخب نمائندوں کی کارکردگی پرکئی سوالات کھڑے کردئے ہیں۔سیاسی اورصوبائی وشہری حکومتوں کے اختلافات کی سزا عوام کو کیوں دی جارہی ہے۔

میئرکراچی کو شہریوں کی خدمت اورشہر کی تعمیر وترقی کیلئے بھترین موقعہ ملا ہے انہیں اب محض شکوہ شکایات کا رونا رونے کی بجائے عملی طور کام کرکے عوام کی ہمدردیاں اوردعائیں لیں۔صوبائی امیر نے سندھ حکومت پربھی زوردیا کہ وہ عوام کے منتخب میئر کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے شہریوں کی حالت زارپررحم کرے،انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارہمدردی ،مرحومین کیلئے مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبروجمیل کی دعا کی۔