جماعت اسلامی سندھ کی پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی شدید مذمت

اضافہ مہنگائی ،بدامنی ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام پر بجلی گرانے کے مترادف ہے ، اسد اللہ بھٹو

پیر 16 جنوری 2017 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے مہنگائی ،بدامنی ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام پر بجلی گرانے کے مترادف قراردیا، انہوں نے پیرکے روزاپنے ایک بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی دعووں کی سراسر نفی ہے جوکہ نئے سال کا حکومتی تحفہ عوام پربجلی بن کرگرا ہے، عوام وجمہوریت کے دعویداروں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پیٹرول قیمتوں میں اضافہ کرکے ان کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ چھیننے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں پیٹرولیم قیمتیں کم ہورہی ہیں مگر پاکستان میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی تنگ کی جارہی ہے۔ حالیہ اضافہ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا،عوام پہلے ہی بھوک وافلاس، بدامنی اور مہنگائی کی صورتحال سے دوچار ہیں، صوبائی رہنماء نے زور دیا کہ عوامی مفاد کی خاطر پیٹرولیم قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔