ایبٹ آباد،تھپڑکیس میں امجدشاہزمان کی ضمانت منظور،رہائی مل گئی

پیر 16 جنوری 2017 19:28

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) تھپڑکیس، امجدشاہزمان کی ضمانت منظور،رہائی مل گئی۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ 29دسمبر کو جلال باباآڈیٹوریم میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب کے دوران لساں نواب مانسہرہ کے رہائشی زین خان تنولی نامی نوجوان نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کو صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، صوبائی وزیر خوراک قلندرلودھی اور دیگرکی موجودگی میںتھپڑ مار دیاتھا۔

جس کے بعد ڈاکٹراظہرجدون کے حامیوںنے سٹیج پر ہی نوجوان کی پٹائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ زین خان تنولی کیخلاف تھانہ کینٹ میں علت نمبر1182زیر دفعہ,355 506,511 کے تحت مقدمہ درج کیاگیا۔ سولہ روز کے بعدجمعہ کے روزایڈیشنل سیشن جج ون نے زین خان تنولی کی درخواست ضمانت منظور کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تھپڑکیس میں امیدوارصوبائی اسمبلی حلقہ پی کے چوالیس امجدشاہزمان کوبھی ڈاکٹراظہرجدون کی جانب سے ملزم نامزد کیاگیا۔

جس کے بعد امجدشاہزمان نے سفری ضمانت کروالی تھی۔ جوکہ جمعہ کے روز ایڈیشنل سیشن جج ون نے منسوخ کردی تھی۔ جس کے بعد امجدشاہزمان کو گرفتار کرکے مانسہرہ جیل منتقل کردیاگیاتھا۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز امجدشاہزمان کے وکیل صفائی فضل حق عباسی ایڈوکیٹ اور نسیم زمان ایڈوکیٹ نے جوڈیشل مجسٹریٹ ون کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کرتے ہوئے دلائل پیش کئے۔ جبکہ ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون کی جانب سے کیس کی پیروی کیلئے کوئی پیش نہیں ہوا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ون نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر امجدشاہزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کردیئے۔

متعلقہ عنوان :