گھریلو صارفین کا حویلیاں ،ہری پور سمیت ہزارہ بھر کے سی این جی سٹیشن مارچ تک بندرکھنے کا مطالبہ

پیر 16 جنوری 2017 19:28

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) گھریلو صارفین نے حویلیاں ،ہری پور سمیت ہزارہ بھر کے سی این جی سٹیشن مارچ تک بندرکھنے کا مطالبہ کردیا۔ اس ضمن میں ایبٹ آباد کے شہریوں نے صحافیوں کو بتایاکہ نیا سال شروع ہونے کے بعد شدید بارش اور برفباری کے دوران ایبٹ آباد کے تمام علاقوں میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔

جس کی وجہ سے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ سوکھی لکڑی اورایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں عام لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ شہریوں نے کہاکہ آئینی اور قانونی طور پر سوئی گیس کے استعمال کا پہلا حق گھریلو صارفین کاہے۔ موجودہ بحرانی صورتحال میں گھریلو صارفین کو گیس نہیں مل رہی ہے۔ جبکہ ضلع ہری پور اور تحصیل حویلیاں میں شاہراہ ریشم پر موجود تمام سی این جی سٹیشن چوبیس گھنٹے گیس فروخت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے سوئی ناردرن گیس کمپنی ہزارہ کے جنرل منیجر سے مطالبہ کیاکہ ٹرانسپورٹر اپنی گاڑیاں ڈیزل اور پٹرول پر چلائیں۔ کیونکہ یہ لوگ پہلے ہی کرائے ڈیزل اور پٹرول کے حساب سے وصول کررہے ہیں۔ جبکہ گاڑیاں سی این جی پر چلا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیاکہ حویلیاں، ہری پور سمیت پورے ہزارہ میں سی این جی سٹیشن مارچ تک بند رکھے جائیں۔ تاکہ گھریلو صارفین کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :