وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی شدید برف باری کے دوران کوئٹہ سے ٹرین آپریشن جاری رکھنے پر کارکنوں کو شاباش

پیر 16 جنوری 2017 19:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے شدید برف باری کے دوران کوئٹہ سے ٹرین آپریشن جاری رکھنے پر کارکنوں کو شاباش دی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شدید برف باری کے باعث تمام زمینی اور فضائی راستے منقطع ہوگئے ، بولان پاس کے ساتھ خضدار اور ڑوب لنکس بھی بلاک ہوگئے مگر ٹرینیں چلتی رہیں۔

(جاری ہے)

نواب اکبر بگٹی ایکسپریس ، جعفر ایکسپریس او ر بولان میل نے کوئٹہ کو ملک بھر سے جوڑے رکھااور ہزاروں مسافروں کو منزل تک پہنچایاہے۔ اس شدید موسم میں ریلوے کوئٹہ اور بلوچستان میں کاروبار نہیں بلکہ قوم کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہاہے۔کم وسائل کے باوجود ٹریک کو بحال رکھنا ریلوے کے کارکنوں کا کارنامہ ہے۔ فضائی اور زمینی راستوں پر مکمل بریک ڈائون کے باوجود ٹرینیں چلتی رہیں۔