پانامہ لیکس اور اربوں کھربوں کی کرپشن اور لوٹ مار میں رسوائی کے باوجود حکومت اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے، ان کو اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ ان کی کرپشن اور لوٹ مار کے تمام کارنامے عیاں ہوچکے ہیں

مسلم لیگ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 19:47

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) مسلم لیگ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اور اربوں کھربوں کی کرپشن اور لوٹ مار میں رسوائی کے باوجود حکومت اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے ان کو اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ ان کی کرپشن اور لوٹ مار کے تمام کارنامے عیاں ہوچکے ہیں اور عوام ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کے وزیر مشیر پانامہ کی کرپشن میں وزیر اعظم نواز شریف کا دفاع کرنے میں اس قدر مصروف ہیں کہ وہ ملکی حالات سے بالکل بے خبر نظر آتے ہیں۔ و ہ پیر کواپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ ق کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا ملک میں افراتفری عروج پر ہے۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر ملازمت کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں میں سردی کے موسم میں بغیر بیڈ کے مریض مررہے ہیں۔ دوائی ملتی نہیں ، امن و امان کا فقدان ہے۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور حکمران ٹرینوں، پلوں، سڑکوں اور بسوں پر ملک کی دولت ضائع کر نے میں مصروف ہیں۔ ان کو صرف اپنی تجوریاں بھرنے سے کام ہے ۔ عوام سے صرف جھوٹے وعدے کرتے ہیں اور جلسوں میں ملک کی دولت لگائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تھوڑے ہی دن باقی ہیں ان کا کِیا دھر ا سامنے آجائے گا اور عوام کو ان سے چھٹکارا حاصل ہو جائیگا۔