میئر کراچی کا بانی پاکستان کی رہائش گاہ کے اطراف برساتی پانی جمع ہونے پر تشویش کا اظہار

ہمیں بھی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے بابائے قوم کی رہائش گاہ کے اطراف کچرا پھینکنے سے گریز کرنا چاہئے ، وسیم اختر

پیر 16 جنوری 2017 20:20

میئر کراچی کا بانی پاکستان کی رہائش گاہ کے اطراف برساتی پانی جمع ہونے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ بانی پاکستان کی رہائش گاہ کے اطراف برساتی پانی جمع ہونا باعث تشویش ہے لہٰذا ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے کہ آئندہ یہاں برساتی پانی کھڑا ہونے کی شکایت نہ رہے کھارادر کراچی کا قدیم علاقہ ہے جہاں بانی پاکستان کی رہائش گاہ سمیت دیگر تاریخی ورثہ موجود ہے اور زندہ قومیں اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت میں کوئی کوتاہی نہیں کرتیں،ہمیں بھی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے بابائے قوم کی رہائش گاہ کے اطراف کچرا پھینکنے سے گریز کرنا چاہئے تاکہ یہاں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جاسکے، یہ بات انہوں نے کھارا در میںبانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ وزیر مینشن کا دورے کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مقیم، چیئرمین یونین کونسل 25 شعیب ابراہیم اور وائس چیئرمین ہارون بھائی اور دیگر افراد بھی موجود تھے ، میئر کراچی وسیم اختر وزیر مینشن کے اندر گئے اور بانی پاکستان سے متعلق یادگار اشیاء دیکھیںبعدازیں انہوں نے وزیر مینشن کے اطراف علاقے کا دورہ کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ بابائے قوم کی رہائش گاہ کے احترام میں یہاں کچرا پھینکنے سے گریز کریں تاکہ اس اہم اور تاریخی عمارت کے گرد صفائی ستھرائی کا انتظام ہوسکے انہوں نے کہا کہ شہر میں برساتی پانی کی نکاسی واٹر بورڈ اورہم سب کی ذمہ داری ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ نالوں کی صفائی تیز رفتاری سے کریں تاہم بارشوں کے دوران نالوں میں سطح آب بڑھنے سے اطراف کی آبادیوں کو خطرات لاحق نہ ہوں اور تیز بارشوں میں بھی پانی کا بہائو برقرار رہے تاہم نالوں کے اوپر قائم مختلف قسم کی تجاوزات کی وجہ سے ان کی مکمل صفائی ممکن نہیں ہوپارہی اس کے باوجود جہاں جہاں ممکن ہے نالوں سے کچرا نکال کر انہیں صاف کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کافی برسوں کے بگاڑ کا نتیجہ ہے اور اسے صحیح ہونے میں وقت لگے گا ماضی میں شہر میں ترقیاتی کاموں کے لئے جوفنڈز ملتے رہے ہیں وہ بیوروکریٹس اور سیاسی لوگوں کی جیبوں میں جاتے رہے ہیںاور شہر میں کئی کام نہیں ہوا اور نہ ہی پہلے جو لوگ تھے انہوں نے کراچی کے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی کوئی کوشش کی،میئر کراچی وسیم اخترکے دورے کے موقع پر کھارادر کے مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی تھی جس نے میئر کراچی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر میئر کراچی نے کہا کہ ان تمام چیزوں کو صحیح کرنا ہے اور لوگوں کو سہولت پہنچانی ہے لیکن اس میں کچھ وقت لگے گا انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لئے کاروباری برادری اور عام شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور اپنی دکانوں ، دفاتر، کارخانوں اور تعلیمی و دیگر اداروں کے اطراف کوڑا کرکٹ پھینکنے اور گندگی پھیلانے سے گریز کرنا چاہئے ، خاص طور پر برساتی نالوں میں ہرگز کچرا نہ پھینکیںاور صرف مقررہ کچرا کنڈی میں ہی تمام کچرا ڈالا جائے جہاں سے بلدیاتی ادارے اس کچرے کو اٹھا کر لینڈ فل سائٹ تک پہنچاتے ہیں ، میئر کراچی نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت خلوص دل کے ساتھ شہریوں کی خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہے اور جلد از جلد ان کے بنیادی مسائل حل کرنا چاہتی ہے جن کا تعلق صفائی ستھرائی ، نکاسی آب ، سڑکوں اور گلیوں کی مینٹی نینس اور دیگر شعبوں سے ہے ۔

متعلقہ عنوان :