نواز شریف اور ان کا پورا خاندان پانامہ کی دلدل میںپھنس چکا ہے ،فوجی عدالتوں کو مزید توسیع کی بجائے سول عدالتوں کی سقم کو دور کیاجائے ،کرپشن کے خاتمے کا آسان اور ایک زبردست حل سب کا کڑا احتساب ہے

جماعت اسلامی کے مرکزی امیر و سینیٹر سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 20:37

رستم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کا پورا خاندان پانامہ کی دلدل میںپھنس چکا ہے ،فوجی عدالتوں کو مزید توسیع کی بجائے سول عدالتوں کی سقم کو دور کیاجائے ،کرپشن کے خاتمے کا آسان اور ایک زبردست حل سب کا کڑا احتساب ہے، اس سلسلے میںجماعت اسلامی گزشتہ دس ماہ سے کرپشن فری پاکستان مہم چلا رہی ہے عدالت عظمیٰ کو چاہئیے کہ ان کرپٹ سیاستدانوں کا الٹرا سائونڈ اور سٹی سکین کرکے ان کا فوری علاج کریں تاکہ یہ بیماری پھیل نہ سکے ۔

وہ گزشتہ شام رستم سپینکئی میں سابق سپیکر پختونخوا عبدالاکبرخان کے وفات پر تعزیت کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق ایم این اے و ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطاء الرحمان اور پی کے 29 امیر زیب عالم خان بھی انکے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اگر چار پانچ ہزار کرپٹ سیاستدان جیل جائیں تو کوئی بات نہیں ، دوسرے ممالک میں بھی یہ بیماری اسی طرح ختم ہوئی ہیں ،ہمارے ملک میں وہ بڑا سیاستدان کہلاتا ہے جو کرپشن اور غبن کرنے میں ماہر ہو کرپشن کی وجہ سے اشیائے خوردونوش اور ادویات میں ملاوٹ کے ذریعے زہر فروحت ہورہا ہے اتحاد کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی آئندہ عام انتخابات میں کرپشن سے پاک جماعت سے اتحاد کریگی ہمارا اتحاد عوام سے ہوگا اور عوامی طاقت و حمایت کی بدولت جماعت اسلامی پورے ملک میں ایک بڑی جماعت بن کر ابھرے گی ، انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو مزید وقت نہیں دینی چاہیئے بلکہ اس کے بدلے سول عدالتوں میں اصلاحات اور ججز کو سکیورٹی فراہم کی جائے فوج پر پہلے سے بھی زیادہ بوجھ ہے ، آخر میں انہوں نے مرحوم سابق سپیکر عبدالاکبرخان کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔