شیخ الحدیث کی رحلت سے عالم اسلام سوگوار ہے، قاری محمد عثمان

مولانا سلیم اللہ خان اپنے اکابر کی روایات کے سچے امین تھے، ان کی پوری زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے، صوبائی نائب جمعیت علمائے اسلام

پیر 16 جنوری 2017 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کی رحلت سے عالم اسلام سوگوار ہے۔ مولانا سلیم اللہ خان اپنے اکابر کی روایات کے سچے امین تھے۔ ان کی پوری زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ فاروقیہ فیز 2میں استاذ المحدثین مولانا سلیم اللہ خان کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد ان کے صاحبزادوں مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان ، مولانا عبید اللہ خالد سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ مولانا سلیم اللہ خان شیخ العرب و العجم مولانا سید حسین احمد مدنی ؒ کے مایہ ناز شاگر د تھے ۔ جنہوں نے اپنی زندگی اشاعت دین اور اسلام کی سربلندی کے لئے وقف کر رکھی تھی اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ اور مصائب کو انہوں نے خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔

(جاری ہے)

ان کے دور صدارت میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بے مثال ترقی کی۔

وہ بظاہر تو تدریس کے شعبہ سے منسلک تھے لیکن وہ دینی مدارس ، دینی تحقیقات ، علماء کرام کے لئے شجرہ ٴ سایہ دار کی حیثیت رکھتے تھے۔ان کی وفات پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے اس صدی کا سب سے بڑا صدمہ ہے۔ آج عالم اسلام کے مسلمان ان کے غم میں سوگوار ہیں ۔وہ علم و حکمت کے پہاڑ تھے ۔ ان کے پاکیزہ مشن کی تکمیل انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان کے ہزاروں شاگرد اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے لاکھوں عقیدت مند حضرت شیخ کا صدقہ جاریہ ہیں۔ان شاء اللہ تعالیٰ ان کا پاکیزہ مشن جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :