حافظ محمد سعید کی ہدایت پر سال 2017ء کشمیر کے نام کرتے ہیں‘ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی تمام سرگرمیاں کشمیر کیلئے ہونگی

جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا اجلاس سے خطاب

پیر 16 جنوری 2017 21:29

حافظ محمد سعید کی ہدایت پر سال 2017ء کشمیر کے نام کرتے ہیں‘ملک بھر کی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ حافظ محمد سعید کی ہدایت پر سال 2017ء کشمیر کے نام کرتے ہیں۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی تمام سرگرمیاں کشمیر کے لیے ہوں گی، تحریک آزادی کشمیر کے پلیٹ فارم سے تمام جماعتوں کو ساتھ ملاکر حکومت اور سیاستدانوں کو کشمیر کی جانب متوجہ کریں گے۔

اب شہر کی ہر گلی سے کشمیر کے لیے آواز اٹھے گی۔ پروگرامات میں جماعتی تشخص سے بالاتر ہوکر صرف پاکستان کا جھنڈا لہرایا جائے گا۔ شہر بھر میں سیمینار، کانفرنسز، اجتماعات و دیگر پروگرامات کا سلسلہ تسلسل سے جاری رہے گا۔ اس بات کا فیصلہ انہوں نے گزشتہ روز مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ذمے داران کے اجلاس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

جس میں شہر بھر سے جماعة الدعوة کے ضلعی، تحصیلی و شعبہ جاتی ذمے داران بڑی تعداد میں شریک تھے۔

مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاکستان‘ بھارت کے بدترین مظالم پر محض اظہار مذمت تک محدود نہ رہے۔ سیاستدان اور میڈیا بھی کشمیریوں کو فراموش کرنے کی بجائے ان کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید کی ہدایت پر سال 2017ء میں تمام تر سرگرمیاں کشمیر کے لیے سرانجام دیں گے۔

کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیری سخت حالات کے باوجود پاکستان کا جھنڈا بلند کر رہے ہیں، ہم بھی جماعة الدعوة کی بجائے پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے پلیٹ فارم سے گلی گلی کشمیر کے لیے آواز بلند کریں گے۔ سیمینار، کانفرنسز، اجتماعات، ملٹی میڈیا بریفنگز و دیگر پروگرامات کا سلسلہ مستقل جاری رہے گا۔