بھارتی فوج کے ہاتھوںمقبوضہ کشمیر میں مزید 3کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر پاکستان کااظہار مذمت

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے‘ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی اجازت نہ دینا مایوس کن ہے‘پاکستان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو خون ریزی سے روکیں‘ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا بیان

پیر 16 جنوری 2017 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا جس پر پاکستان نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے‘ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی اجازت نہ دینا مایوس کن ہے‘پاکستان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو خون ریزی سے روکیں۔

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے منظم قتل کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو خون ریزی سے روکیں۔ انہوں نے کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد سینکڑوں کشمیری نوجوان شہید کئے جا چکے ہیں ا ور بھارتی فوج کشمیریوں کے قتل عام کیلئے مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔

بھارتی فوج کی طرف سے بیلٹ گن کے استعمال سے 7 ہزار سے زائد کشمیریوں کو نہ صرف زخمی کیا گیا بلکہ بینائی سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔ نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی اجازت نہ دینا مایوس کن ہے۔ اقوام متحدہ ‘ او آئی سی اور بہت سے ملکوں کی طرف سے معاملے کی تحقیق کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ …(رانا)