مردم شماری کیلئے ادارہ شماریات کے پاس فارمز کم پڑ گئے

پاکستان پرنٹنگ پریس سے مزید ایک کروڑ سترہ لاکھ فارمز چھپوانے کا فیصلہ

پیر 16 جنوری 2017 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) مردم شماری کیلئے ادارہ شماریات کے پاس موجود فارمز کم پڑ گئے ‘ ادارہ شماریات نے پاکستان پرنٹنگ پریس سے مزید ایک کروڑ سترہ لاکھ فارمز چھپوانے کا فیصلہ کیا ہے‘ ذرائع کے مطابق پاکستان بیورو شماریات نے ملک میں 6 ویں مردم شماری کیلئے گزشتہ سال چار کروڑ بائیس لاکھ فارمز پرنٹ کروائے تھے مگر مارچ میں شیڈول مردم شماری کیلئے مزید ایک کروڑ سترہ لاکھ فارمز چھپوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فارمز پاکستان پرنٹنگ پریس سے چھپوائے جائیں گے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں مردم شماری کیلئے 14.5 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے تھے جس میں سکیورٹی ضروریات کیلئے 7.5 ارب جبکہ مردم شماری آپریشنل کیلئے سات ارب روپے رکھے گئے تھے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کی جانب سے ادارہ شماریات کو 2015 ء مین ایک ارب 97 کروڑ ‘ 2016 ء میں دو ارب ایک کروڑ اور گزشتہ ہفتے پانچ ارب آٹھ کروڑ چالیس لاکھ روپے جاری ہوچکے ہیں جبکہ سکیورٹی کی مدمیں فوج کو ابھی تک کوئی رقم جاری نہیںکی جاسکی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مردم شماری کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان بیورو شماریات اور سندھ حکومت کے مابین پیر کو اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں حساس ایریا کی نشاندہی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ براہ راست فوج سے مشاورت کرے گی۔ اس حوالے سے سندھ کے حساس علاقوں کی نشاندہی کیلئے مختلف اضلاع کی انتظامیہ کے نمائندوں اور فوجی حکام کا اہم اجلاس آج منگل کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :