پاکستان کو جنوبی ایشیاء ، چین، وسطی اور مغربی ایشیاء کے ممالک کی تجارت میں اہم مقام حاصل ہے رواں مالی سال کے دوران اقتصادی شرح نمو 5.7 فیصد سے بڑھنے کی توقع ہے،صدر ایوان صنعت و تجارت ملتان

منگل 17 جنوری 2017 11:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) پاکستانی معیشت اعلی تربیت یافتہ اور سستی افرادی قوت کے باعث تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہو چکی ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت سے اسے جنوبی ایشیاء ، چین، وسطی اور مغربی ایشیاء کے ممالک کی تجارت میں اہم مقام حاصل ہے۔ ملکی معیشت کی تیز ترقی سے رواں مالی سال 2016-17ء کے دوران اقتصادی شرح نمو 5.7 فیصد سے بڑھنے کی توقع ہے۔

معروف صنعت کار اور ایوان صنعت و تجارت ملتان کے صدر خواجہ جلال الدین رومی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف زیر قیادت وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کے پروگرام سے آنے والے سالوں کے دوران قومی معیشت کی شرح ترقی سالانہ 6 فیصد سے بڑھنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ اپنے معاشی اور تجارتی رابطوں کو مزید مستحکم کر رہا ہے جس سے اقتصادی ترقی میں مدد حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ بینکاری کے جدید نظام، آزاد عدلیہ، بہترین کاروباری ماحول اور انفارمیشن ٹیکنالوجی وغیرہ کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شعبہ جات کے باعث دنیا بھر کی کاروباری برادری پاکستان میں سرمایہ کار ی کرنے پر خصوصی توجہ دی رہی ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ پاکستان صارف مارکیٹ 200 ملین سے زائد افراد پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے بھی پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی اور غیر مقامی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مراعات دستیاب ہیں اور سرمایہ کار ی و منافع جات کی منتقلی کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان دنیا بھر ممالک کو خوردنی، صنعتی اور زرعی مصنوعات برآمد کر رہے ہیں انہوںنے مزید کہا کہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستانی میعشت کا شمار دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :