سید علی گیلانی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے پر حریت کانفرنس کا صدر آزادکشمیر اورمیر پور یونیورسٹی کی انتظامیہ کا شکریہ

یہ ساری کشمیری قوم کے لیے ایک اعزاز اور انعام ہے اور اس سے ان کے جذبوں اور ولولوں کو نئی جلا ملی ہے

منگل 17 جنوری 2017 13:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے میرپور یونیوورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آزاد کشمیرکی طرف سے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ساری کشمیری قوم کے لیے ایک اعزاز اور انعام ہے اور اس سے ان کے جذبوں اور ولولوں کو نئی جلا ملی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے سید علی گیلانی کی خدمات اور قربانیوں کا کھلا اعتراف اوران کی علمی کاوشوں اور تصنیفات کو سندِ جواز عطا کئے جانے کا ایک اہم قدم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سفری دستاویزات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے سید علی گیلانی سند عطاکرنے کی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے تاہم ان کی طرف سے تحریک حریت کے آزاد کشمیرکے نمائندے غلام محمد صفی نے ڈگری وصول کی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں یونیورسٹی کے چانسلر و صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود احمد خان اور دوسرے مقررین نے سید علی گیلانی کی جدوجہدِ آزادی کے حوالے سے خدمات اور قربانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور ان کی علمی کاوشوں کی تعریف کی۔ ترجمان کے مطابق مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنے طویل تحریکی سفر کے دوران جس پامردی، ثابت قدمی اور جرات مندی کا مظاہرہ کیا ہے اس نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نیا عنوان ملا ہے اور پوری کشمیری قوم کا سر فخر سے اونچا ہوا ہے۔

گیلانی صاحب جدوجہدِ آزادی کشمیر کی ایک ایسی علامت بن گئے ہیں کہ پوری قوم کو اس کی وجہ سے ایک نئی پہچان ملی ہے۔ سید علی گیلانی کشمیر کی نوجوان نسل کے لیے سرچشمہٴ قوت بن گئے ہیں اور ان کی ثابت قدمی کو دیکھ کر وہ نیا حوصلہ اور نیا ولولہ پاتے ہیں۔ حریت ترجمان نے پوری کشمیری قوم کی طرف سے صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود احمد خان اور میر پور یونیورسٹی کے دوسرے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے لبریشن فرنٹ کے رہنما بشیر احمد بٹ کے برادر اکبر نذیر احمد بٹ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے دُعا کی ہے۔ انہوں نے بشیر احمد بٹ اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

حریت ترجمان ایاز اکبر نے بھی مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سید علی گیلانی نے جموں کے سرکردہ آزادی پسند رہنما دیش راج شرما کی وفات پربھی گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیش راج شرما جموں وکشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کے دل سے مخالف تھے اور وہ لوگوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل چاہتے تھے۔