ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو توہین عدالت کی دو مختلف درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

منگل 17 جنوری 2017 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتا ق احمد سکھیرا کو توہین عدالت کی دو مختلف درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی نے اے ایس آئی سپیشل برانچ عبدالغفور کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پرموشن کے حوالے سے آئی جی اور دیگر ذمہ داران کو درخواست دی تھی اور شنوائی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر فاضل عدالت نے 9 دسمبر کو آئی جی پنجاب کو درخواست پر فیصلے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی حکم کے باوجود آئی جی پنجاب نے تاحال درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔استدعا ہے کہ آئی جی پنجاب سمیت دیگر ذمہ داروں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے جس پر فاضل عدالت نے آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6فروری تک جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے جھنگ کے رہائشی ابوبکر صدیق کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی پنجاب کو 14فروری کے لئے نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

ابوبکر صدیق نے بتایا کہ اس نے انٹیلی جنس آپریٹر کی بھرتی کیلئے درخواست دی اور فزیکل اور تحریری امتحان میں پاس ہونے کے باوجود اسے انٹر ویو میں فیل کر دیا گیا ۔آئی جی پنجاب کو درخواست دی لیکن شنوائی نہیں ہوئی جس پرلاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور فاضل عدالت نے 29نومبر کو درخواست نمٹاتے ہوئے آئی جی کو حکم دیا تھاکہ وہ درخواست گزار کو سن اس کی درخواست پر فیصلہ دیں لیکن اس پر تاحال کوئی اقدام نہیںکیا گیا ۔ درخواست گزارنے استدعا کی کہ عدالت کی حکم عدولی پر آئی جی پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر فاضل عدالت نے آئی جی کو14فروری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :