وزیراعظم ہائوس کی پریس ریلیز اور ان کے وکیل کی جرح میں تضاد ہے ،ْ شاہ محمود قریشی

مخدوم علی خان پچھلے تین دنوں سے جو مقدمہ بنا رہے تھے عدالت نے وہ دو جملوں میں ہی دفن کر دیا ہے ،ْمیڈیا سے گفتگو

منگل 17 جنوری 2017 14:53

وزیراعظم ہائوس کی پریس ریلیز اور ان کے وکیل کی جرح میں تضاد ہے ،ْ شاہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہائوس کی پریس ریلیز اور ان کے وکیل کی جرح میں تضاد ہے ،ْمخدوم علی خان پچھلے تین دنوں سے جو مقدمہ بنا رہے تھے عدالت نے وہ دو جملوں میں ہی دفن کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم ہائوس کی پریس ریلیز اور ان کے وکیل کی جرح میں تضاد پر سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا یہ حکمت عملی تو نہیں وزیراعظم ہائوس کی پریس ریلیز کہتی ہے کہ وہ استثنیٰ نہیں لے رہے ،ْ وزیراعظم کے وکیل کی تمام جرح ہی آئین کے آرٹیکل 66 پر رہے جس میں ممبر پارلیمنٹ کے استثنیٰ کی تشریح ہوتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تین روز سے جرح کی جا رہی ہے کہ ایوان کی تقریر پر جرح نہیں ہو سکتی تاہم استحقاق بزنس پر تو ہو سکتی ہے ،ْ کرپشن پر نہیں ۔

(جاری ہے)

سماعت میں فاضل جج نے ابتداء ہی میں دو مقدمات کا ذکر کر کے مخدوم علی خان کا مقدمہ باہر پھینک دیا ہے اور 2 جملوں میں ہی اسے دفن کر دیا ہے لگتا ہے کہ حکومت کے پاس صفائی دینے اور اپنے دفاع کیلئے کوئی ثبوت اور کوئی دلائل نہیں ہیں اور صرف ایک ہی کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی طرح پارلیمینٹ کے استحقاق کے پیچھے چھپا جائے، اس پردے کے پیچھے جھوٹ کو چھپایا جائے لیکن اب تو وہ پردہ بھی چاک ہو گیا ہے۔