ہسپتال کی آمدن میں اضافہ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہماری ذمہ داری ہے، پارکنگ فیس سے حاصل ہونیوالی رقم عوام کے علاج معالجے اور سکیورٹی پر خرچ کی جارہی ہے، حاصل آمدنی امانت ہے جسے حساب چاہیے ہمارے پاس آئے ایک ایک پائی کا حساب دیں گے،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی ڈاکٹر طارق چوہدری کی میڈ یا سے گفتگو

منگل 17 جنوری 2017 16:52

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی ڈاکٹر طارق چوہدری نے کہا ہے کہ ہسپتال کی آمدن میں اضافہ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہماری ذمہ داری ہے، پارکنگ فیس سے حاصل ہونیوالی رقم عوام کے علاج معالجے اور سیکیورٹی پر خرچ کی جارہی ہے۔ حاصل آمدنی امانت ہے جسے حساب چاہیے ہمارے پاس آئے ایک ایک پائی کا حساب دیں گے۔

کوٹلی ہسپتال میں ہپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کے لیے اپریشن تھیٹر ایسی ہی آمدن سے قائم کیا،87کے بعد کوئی پوسٹ نہیں آئی عارضی طور پر کام کرنے والے ملازمین بھی اسی مد سے تنخواہیں لیتے ہیں۔ ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہسپتال میںجگہ جگہ کھڑی گاڑیاں مریضوں کی آمدورفت میں مشکلات کا باعث تھیں،ان کے لیے پارکنگ ایریا مختص کرنا میری ذمہ داری تھی سو پوری کی۔

(جاری ہے)

پرچی سسٹم سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوریوں میں روک تھام ہوگی،لوگوں کی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے قائم کیے گئے سسٹم کی فیس 10یا 20روپے زیادہ نہیں ،عوام تعاون کریں۔سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے لیے ہسپتال کوسافٹ ٹارگٹ قراردیا، 300ملازمین سمیت سینکڑوں مریضوں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے گاڑیوں کو ہسپتال سے دور پارک کرنے کامنصوبہ سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے بعد عمل میں لایا۔

پارکنگ فیس پر احتجاج کرنے والے احباب قابل احترام ہیں ، ہمارے پاس آکر بات کریں اور مجھے دلیل کے ذریعے قائل کریں اگر میں پھر بھی نہ مانوں تو تب وہ احتجاج کریں تو بات بنتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں ،یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو جہاں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں وہی پر ان کی سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات ہونے چاہیے۔

اس وقت ملک دہشت گردی کے عفریت کی لپیٹ میں ہے اور سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کے سرکاری ہسپتال دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہے پر لائحہ عمل طے کرتے ہوئے گاڑیوں کو نہ صرف ہسپتال سے دور پارک کرنے کا منصوبہ بنایا گیا بلکہ پارکنگ فیس کے لیے دی جانے والی پرچی سے ہسپتال کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کی گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کا ریکارڈ جمع رکھنے کا پلان بھی مرتب کیا گیا۔

اس سسٹم سے ہسپتال کے ایریا میں ہر جگہ کھڑی گاڑیاں جن کی وجہ سے مریضوں کو آمد ورفت میں پریشانی کا سامنا تھا کا بھی حل نکالنے کی کوشش کی گئی اور اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے اس سسٹم سے بہت بہتری دیکھنے میں آرہی ہے۔ ڈاکٹر طارق چوہدری کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں لی جانے والی ہرطرح کی فیس کا ریکارڈ موجود ہے اور یہ ہمارے پاس لوگوں کی امانت کا جس سے ہم نے ہپاٹائٹس بی سی کے مریضوںکے لیے اپریشن تھیٹر کے قیام جیساکارنامہ سرانجام دیا ، اگر کوئی بھی شخص ہم سے فیسوں کے حوالے سے حساب کرنے کا خواہش مند ہے تو تشریف لے آئے ہم انھیں ایک ایک پائی کا حساب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا کیونکہ ہمارے پاس آنے والے مریضوں کی ہر طرح کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری ہرصورت ادا کرینگے۔

متعلقہ عنوان :