تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، سٹیون سمتھ بلے بازوں، ایشون بائولرز اور آل رائونڈرز میں سرفہرست

آملہ کی 4، ڈومینی کی 9، شکیب الحسن کی 8 ، مشفق الرحیم کی 10 اور لیتھم کی 5 درجے ترقی، ربادا جنوبی افریقہ کے نمبر ایک ٹیسٹ بائولر بن گئے، اظہرعلی 7ویں اور یونس 8ویں نمبر پر برقرار

منگل 17 جنوری 2017 16:52

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں سٹیون سمتھ، ایشون بائولرز اور آل رائونڈرز میں بدستور سرفہرست ہیں، ہاشم آملہ کی 4 درجے بہتری پا کر چھٹے نمبر پر آ گئے، شکیب الحسن شاندار ڈبل سنچری بنا کر 8 درجے ترقی پاتے ہوئے کیریئر بہترین 23ویں نمبر پر پہنچ گئے، مشفق الرحیم بھی کیویز کے خلاف 159 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر 10 درجے چھلانگ لگا کر 35ویں نمبر پر آ گئے، ٹام لیتھم 177 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر 5 درجے بہتری کے ساتھ 31ویں نمبر پر آ گئے، پاکستان کے اظہرعلی 7ویں اور یونس خان 8ویں نمبر پر برقرار ہیں، کاگیسوربادا 3 درجے ترقی پاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے نمبر ایک بائولر بن گئے، انہوں نے سٹین کو پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں سمتھ پہلے، کوہلی دوسرے، جوروٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، کیویز کپتان کین ولیمسن بنگال ٹائیگرز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں لیکن روٹ کی تیسری پوزیشن کے نشانے پر ہے، وارنر کا پانچواں نمبر برقرار، آملہ سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری بنا کر 4 درجے ترقی پا کر چھٹے نمبر پر آ گئے، اظہرعلی ساتویں اور یونس خان آٹھویں نمبر پر ہیں، ڈی کوک نویں اور ڈی ویلیئرز دسویں نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر 16ویں نمبر پر آ گئے، تمیم اقبال 20ویں نمبر پر چلے گئے، ڈومینی 9 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر بہترین 33ویں نمبر پر پہنچ گئے، شکیب الحسن 8 درجے چھلانگ لگا کر کیریئر بہترین 23ویں، مشفق الرحیم 10 درجے بہتری پا کر 35ویں، کیویز بلے باز ٹام لیتھم 5 سیڑھیاں چڑھ کر 31ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں ایشون پہلے، جدیجا دوسرے، ہیزلووڈ تیسرے، ہیراتھ چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، ربادا 3 سیڑھیاں چڑھ کر پانچویں نمبر پر آ گئے اور اس کے ساتھ ہی وہ پروٹیز کے نمبر ایک ٹیسٹ بائولر بن گئے، ڈیل سٹین تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلے گئے، آل رائونڈرز میں ایشون پہلے اور شکیب الحسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :