لاہور ہائیکورٹ قانونی تقاضے پورے کئے بغیر بہائوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کی منظوری کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی

منگل 17 جنوری 2017 16:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر بہائوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کی منظوری کے لئے سمری بھجوانے پر صوبائی وزیر سید زعیم حسین قادری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ منگل کو جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پرسیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نسیم نواز نے لاہور کیمپس کی منظوری کے حوالے سے بنائی گئی سمری عدالت میں پیش کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ نامکمل سمری کے باوجود کیمپس قائم کیا گیا۔ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر القماء نے کہا کہ یونیورسٹی کو بچانے کے لئے سب کیمپس قائم کیا۔ عدالتی استفسار پر انہوں نے تسلیم کیا کہ سب کیمپس کے قیام کے لئے سینڈیکیٹ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محض بیان دینے پر کسی کو معصومیت کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا جا سکتا، یونیورسٹی سکینڈل پر نیب ریفرنس اپنی جگہ مگرعدالت سچ تک پہنچنا چاہتی ہے،کسی کو نیب ریفرنس کے پیچھے نہیں چھپنے دیا جائے گا، نیب نے آج تک کتنے ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا عدالت کو سب علم ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت تک انرول کردہ تمام طالبعلموں کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کر دی۔