اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تین روزہ نمائش 20 جنوری سے شروع ہو گی

منگل 17 جنوری 2017 17:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام اسلام آباد کی دستکاری مصنوعات اور خواتین انٹرپرینیورز کی مصنوعات کی تین روزہ نمائش چیمبر کے ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر جی ایٹ ون میں 20 جنوری سے شروع ہو گی جس میں وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والی خواتین اور تاجر حضرات اپنی مصنوعات کے سٹال لگائیں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شہر بھر کی مختلف تنظیموں کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر عمر مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ سی ڈی اے کے چیئرمین شیخ انصر عزیز تقریب کی صدارت کریں گے۔ نمائش میں دستکاری اور خواتین کی مصنوعات کے تقریباً 50 سٹال لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نمائش میں فوڈ کورٹ اور میوزیکل پروگرام کا بھی اہتمام ہو گا اور بچوں کیلئے تفریح کے انتظامات ہوں گے۔

دستکاری اور خواتین انٹرپرینیورز کی مصنوعات کی نمائش میں خرید و فروخت کی اجازت ہو گی۔ کاروباری حلقہ میں مذکورہ نمائش کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے تمام ممبران اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سہ روزہ نمائش میں بھرپور شرکت کریں۔

متعلقہ عنوان :