سندھ حکومت کا او جی ڈی سی ایل کے قائم مقام ایم ڈی کی غیر قانونی تقرری اور سندھ کی گیس فیلڈز میں بھرتیوں کے دوران مقامی لوگوں کو نظر انداز کرنے پر وفاق کو خط

وفاقی حکومت نے دوہری شہریت کے حامل او جی ڈی سی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو قانونی ضوابط کے خلا ف دو سالوں سے قائم مقام پر ایم ڈی مقرر کیاہوا ہے جو غیر قانونی عمل ہے، نثار کھوڑو

منگل 17 جنوری 2017 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) سندھ حکومت نے دوہری شہریت رکھنے والے دو سالوں سے مقرر او جی ڈی سی ایل کے قائم مقام ایم ڈی زاہد میر کی غیر قانونی تقرری اور سندھ کی گیس فیلڈز میں بھرتیوں کے دوران سندھ کے مقامی لوگوں کو نظر انداز کرنے پر وفاقی وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کو ایک احتجاجی خط لکھاہے۔خط میں وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ دوہری شہریت کے حامل او جی ڈی سی ایل کے قائم مقام ایم ڈی کو فوری طور پر ہٹا کر مستقل ایم ڈی مقرر کیا جائے اور سندھ کی گیس فیلڈز میں سندھ کی کوٹہ پر عمل کرکے دیگر صوبوں کے بجائے سندھ کے مقامی لوگوں کو بھرتیوں کیا جائے ۔

یہ مطالبہ سندھ کے سینئر وزیر اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثا راحمد کھوڑو نے وفاقی وزارت پیٹرولیم کو ایک خط لکھ کر کیا ہے۔

(جاری ہے)

نثا راحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے دوہری شہریت کے حامل او جی ڈی سی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر زاہد میر کو قانونی ضوابط کے خلا ف دو سالوں سے کس بنیاد پر قائم مقام پر ایم ڈی مقرر کیا گیا ہے جو کہ غیر قانونی عمل ہے ۔

انھوںنے کہا کہ قائم مقام ایم ڈی کی جانب سے سندھ کی قادرپور گیس فیلڈ سمیت دیگر گیس فیلڈز میں بھرتیوں کے درمیان سندھ کے لوگوں کونظرانداز کرکے پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے چار سو سے زائد لوگوں کو بھرتیوں کیا گیا ہے جو کہ سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سندھ صوبہ 80فیصد گیس پیدا کر رہاہے اور قانون کے مطابق جس صوبے سے گیس نکلے گی وہاں پر بھرتیوں میں 50فیصد مقامی لوگوں کا حق ہوتا ہے تاہم سندھ میں کام کرنے والی تمام گیس فیلڈز میں سندھ کے مقامی لوگوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے اور وفاقی حکومت کا یہ عمل سندھ اور سندھ کے لوگوں کے ساتھ تعصب پر مبنی ہے اسلیئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سندھ کی عوام کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریگی ۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس معاملے کا نوٹس لے اور سندھ کو کوٹہ کے تحت اپنا جائز حق دیا جائے اور سندھ کی گیس فیلڈز میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی بھرتیوں کو فوری طور پر منسوخ کرکے وہاں پر سندھ کے مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے ۔