سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے ملک ریکارڈ ترقی کرے گا، سردار شیر علی گورچانی

منگل 17 جنوری 2017 18:32

راجن پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ ملکی تاریخ کا اہم اور بڑا پراجیکٹ ہے اس کی تکمیل سے ملک ریکارڈ ترقی کرے گا جس کے مستقبل میں بھی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ موجودہ جمہوری حکومت کا یہ طرہٴ امتیاز ہے ہے کہ ملک سے دہشت گردی ، بدامنی ، غربت ، بے روزگاری ، بھوک ، ننگ اور افلاس کے بادل چھٹ گئے ہیں اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے دورہ فورٹ منرو کے موقع پر راجن پور کے عمائدین علاقہ اور صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ضلع راجن پور میں ضلع رحیم یار خان اور کوٹ مٹھن کو ملانے والی طویل بے نظیر برج پل کی تکمیل کیلئے کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے دونوں اضلاع کے لوگوں کو آمدورفت میں آسانی اور کاروبارکو بھی وسعت ملے گی جبکہ ضلع راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں سیلا ب بچائو حفاظتی منی ڈیمز ودیگر میگا ترقیاتی منصوبو ں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی جانب سے ورثا میں ملنے والی پسماندگی کا داغ دھودیاہے ضلع راجن پور کو ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کے سر ہے۔ اس موقع پرحنیف خان پتافی، میاں ظہور احمدخواجہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی جام پور حاجی محمد اکرم قریشی، وائس چیئرمین ملک عقیل احمدآرائیںودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔