ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو اسکولز کی کارکردگی و مانیٹرنگ کو بہتر بنانے کے لئے گاڑیاں مہیا کی جا رہی ہیں، صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر

منگل 17 جنوری 2017 18:44

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو اسکولز کی کارکردگی و مانیٹرنگ کو بہتر بنانے کے لئے گاڑیاں مہیا کی جا رہی ہیں تا کہ ڈسٹرکٹ و تعلقہ کی سطح پر طے کئے گئے اہداف مکمل کئے جا سکیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یورپی یونین پاکستان کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے حکومت اور ڈونر ایجنسیز کے درمیان بہتر باہمی روابط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سیکٹر میں بہتر نتائج کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سندھ ایجوکیشن سیکٹر پلان پر عمل درآمد کے لئے ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے یورپی یونین کو دی گئی بریفنگ میں صوبہ سندھ میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات سے آگاہی دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں غیر حاضریوں کی تعداد میں کمی آئی ہے جبکہ گھوسٹ اساتذہ کو نوکریوں سے برطرف کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک متوازی چیک اینڈ بیلنس کے تحت بائیو میٹرک سسٹم ڈپٹی کمشنرز و اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اساتذہ و طالبعلموں کی حاضری کو مانیٹر کیا جاتا ہے جبکہ متعلقہ علاقوں کی یونین کونسل کے چیئرمین و وائس چیئرمین بھی اس نگرانی کے عمل میں شامل ہیں۔

میٹنگ کے شرکاء نے ڈونر کنسلٹنگ ڈیسک کے قیام اور تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو سہولت کی فراہمی کے لئے ایک صفحہ پر لانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں انتظامی تبدیلیوں کے باعث اچھے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ تبدیلیاں ہمیں مزید اچھے نتائج دینے میں معاون ہوں گی۔ وفد میں برنارڈ فرانکوئز ، اینی کوفوئڈ ، محمد صدیق بھٹی، محمد ذیشان طارق جبکہ سیکریٹری ایجوکیشن اسکولز جمال مصطفی سید اور چیف ایگزیکٹو ریفارم سپورٹ یونٹ فیصل عقیلی بھی میٹنگ میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :