ضرب عضب آپریشن نے دہشتگردوں کی کمر توڑدی ،سہولت کاروں کے منصوبوں کو بھی ناکام بنایا ‘ گورنر پنجاب

ملک کی سلامتی ، امن کیلئے فوج، پولیس اور دیگر اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ‘ ڈی جی رینجرز اظہر نوید حیات کی رفیق رجوانہ سے ملاقات

منگل 17 جنوری 2017 18:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات خاں نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔ملاقات میں اہم قومی امور، اًمن وامان کی صورتحال اور صوبے کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور عام آدمی کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موجودہ حکومت بمع تمام سیاسی جماعتوں کے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوںنے کہا کہ وطن کی سلامتی ہم سب کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے ملک کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر پہلے کی طرح اب بھی ناکام و نا مراد ہوں گے۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اپنے دل ودماغ میں یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ترین ملک ہے اور اس کے بیس کروڑ عوام اس کی حرمت ، عزت و استقامت کے لیے ہمہ وقت اپنی پاک فوج کے ساتھ تیار کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن نے نہ صرف دہشتگردوں کی کمر توڑدی ہے بلکہ ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنایا اور بالخصوص کراچی میں امن وامان اور اس کی روشنیوں کو دوبارہ بحال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے ، پاک چائنہ راہ داری کا منصوبہ ملک میں معاشی انقلاب برپا کرنے میںگیم چینجر ثابت ہو گا ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے ڈی جی رینجر ز پنجاب ،میجر جنرل اظہر نوید حیات خاںکو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔ ڈی جی رینجر ز پنجاب، میجر جنرل اظہر نوید حیات خاں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ضرب عضب میں شاندار کامیابی عسکری اور سیاسی قیادت کا باہمی اعتماد و اتفاق اور عوام کی دعائوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا ملک کی سلامتی اور امن کے لئے فوج، پولیس اور دیگر اداروں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔