حکومت پنجاب نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے روڈ میپ پیش کر دیا ہے

وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کایونیورسٹی آف ایجوکیشن کی کانووکیشن سے خطاب

منگل 17 جنوری 2017 19:07

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے روڈ میپ پیش کر دیا ہے،ہماری کوشش ہے کہ کالجوں اور جامعات میں طالبعلموں کو تعلیم اور تحقیق کی بہترین سہولتیں میسر آئیں، اس طرح پاکستان میں نالج اکانومی کو فروغ ملے گا اورروزگار کے نئے مواقع دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے پانچویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے یہاں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز سمیت طالب علموں کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا گیلانی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے پر رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 47ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

ہم اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں تحقیق کیلئے بہترین سہولتیں مہیا کرنے کی پالیسی پر کاربندہیں۔اس کے ساتھ ساتھ طالبعلموں کی جدید تعلیمی تصورات تک رسائی ممکن بنانے کیلئے کمپیوٹر لیبز اور لیپ ٹاپ مہیا کیے گئے ہیں ۔ اسی طرح فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے اساتذہ کی تعلیمی استعداد میں بہتری لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ترقی میں انسانی وسائل کامربوط کردار انتہائی اہم ہے۔

اس حوالے سے ہماری کوشش ہے کہ ہیومن ڈویلپمنٹ کے ذریعے قومی ترقی کے عمل کو تیز تر کیا جائے تا کہ پاکستان گلوبل اکانومی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے یونیورسٹی کو ایک مضبوط ٹیچر ایجوکیشن ادارہ میں ڈھالنے کے لئے سال ہا سال کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ یونیورسٹی ڈ اکٹر رئوف اعظم وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی قیادت اور اس کی ٹیم کی محنت سے نہ صرف کوالٹی بلکہ استعددادد میں بھی مذید آگے بڑھے گی۔

کانووکیشن میں 2504بی ایڈ، 67 بی ایڈ اسپیشل ایجوکیشن، 107 ایم ایڈ اور ایم اے اسپیشل ایجوکیشن، 490 ایم ایڈ اور ایم اے ایجوکیشن،29 ایم اے ایجوکیشن لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ، 493 ماسٹر آف آرٹس،497 ماسٹر آف سائنس، 200 ایم بی اے،187 بی بی اے،187 بی ایس آنرز،67 بی ایف اے، 607بی ایڈ آنرز، 15 پی ایچ ڈی سکالرز اور 107ایم فل سکالرز میں ڈگریاں جبکہ 196طلباء میں میڈل تقسیم کئے گئے۔