سعودی عرب کے تعلیمی وفد کا دورہ، اسلامی یونیورسٹی ،دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

منگل 17 جنوری 2017 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) سعودی عرب کی جامعات سے آئے ہوئے اعلیٰ سطح تعلیمی وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ منگل کے روز جامعہ کا دورہ کرنے والے اس چار رکنی وفد کی سربراہی سعودی عرب کے سابق وزیر اور امام محمد بن سعود یونیورسٹی کے شعبہ انفارمیشن و لائبریری سائنسز کے پروفیسر علی بن ابراہیم النملہ نے کی۔

دیگر اراکین وفد میں علی بن عبداللہ التعیبی ، صالح بن عبداللہ الغامدی اور عبدالرحمن بن جمیل قصاص شامل تھے۔ وفد کا ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے جامعہ کے نائب صدور ،ڈینز ، ڈائریکٹر جنرل اور ڈائیریکٹرز کے ہمراہ استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دو طرفہ تعاون اور موجودہ دور میں مسلم امہ کی ضروریات سمیت اعلیٰ تعلیم پر تفصیلی اجلاس بلانے پر اتفاق ہوا۔

سعودی وفد کے سربراہ نے اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دین اور دنیا کی تعلیم کی بیک وقت فراہمی ایک اہم فریضہ ہے جس پر باقی جامعات کو بھی توجہ دینا ہو گی۔ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی سعودی جامعات کے ساتھ باہمی تعاون کے معاہدے کامیاب جا رہے ہیں۔ انہوں نے جامعہ کے پرو چانسلر ڈاکٹر سلیمان عبداللہ ابالخیل کی خدمات کو بھی سراہا جبکہ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے شعبہ تعلیم کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اس موقع پر جامعہ کے مقاصد ، سرگرمیوں اور مستقبل کے اہداف بارے وفد کو بتایا جبکہ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے دنیا بھر میں جامعات کے ساتھ جاری تعاون بارے بھی بریفنگ دی۔ دریں اثنا وفد نے جامعہ کے سلمان عبداللہ اباالخیل سنٹر فار انٹر ڈسپلنری ریسرچ کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :