سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ صوبہ بلوچستان کو ہوگا،گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی

سی پیک اور گوادر ڈیپ سی پورٹ بلوچستان اور پورے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا خطے میں پائیدار امن کے لئے تنازعہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کا حل اشد ضروری ہے،آزاد کشمیر کے صدر سرردار محمد مسعود سے بات چیت

منگل 17 جنوری 2017 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان تین روزہ دورے پر صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ کوئٹہ ایئرپورٹ پر صوبائی وزراء واراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بلوچستان میں آباد کشمیریوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ صدر آزاد کشمیر کو ایئرپورٹ سے گورنر ہاؤس کوئٹہ لایا گیا جس کے صدر دروازے پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے آپ کا خیرمقدم کیا۔

بعدازاں صدر آزادکشمیر سردار محمد مسعود خان کی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، قابض بھارتی افواج کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف جرائم، پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان کی تعمیروترقی، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے بلوچستان کی خوشحالی پر ممکنہ اثرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ ملکی اور عالمی سطح پر جو سیاسی واقتصادی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ان سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے انتھک محنت اور کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ صوبہ بلوچستان کو ہوگا۔ سی پیک اور گوادر ڈیپ سی پورٹ بلوچستان اور پورے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ تجارتی واقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بلوچستان ہوگا۔

سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کی تکمیل سے عالمی اقتصادی جمود کا بھی خاتمہ ہوگا۔ برآمدات کے لئے نئی منڈیاں دریافت ہوں گی اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ عظیم منصوبہ پورے خطے کی سلامتی، امن اور استحکام کا ضامن ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے تنازعہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کا حل اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ہے اور کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے دنیا کے ہرفورم پر بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ قبل ازیں صدر آزاد جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔