حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکہ کو فوری خط ارسال کرے،حافظ نعیم الرحمن

اگر حکومت 19جنوری سے قبل باضابطہ رابطہ کرے تو قوم کی بیٹی کی رہائی ممکن ہوسکتی ہے ،خواتین کے مظاہرے سے خطاب

منگل 17 جنوری 2017 21:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے فوری طور پر امریکی حکومت کو خط ارسال کرے ۔آج تک کسی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکہ سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا ہے ۔ ڈاکٹر عافیہ کی خاتون وکیل باربار یہ پیغام بھجوارہی ہیں کہ اس وقت ایسا موقع ہے کہ اگر حکومت کی طرف سے 19جنوری سے قبل باقاعدہ رابطہ کیا جائے تو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ممکن ہوسکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )کے تحت منگل کے روز کراچی پر یس کلب پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان سے فوری طور پر خط ارسال کرنے کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ اور جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر کے علاوہ ناظمہ صوبٴہ سندھ عطیہ نثار اور ناظمٴہ کراچی فرحانہ اورنگزیب اور دیگر ذمہ داران موجود تھیں ۔

مظاہرے میں شریک خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور حکومت پاکستان سے اپنا مثبت اور فوری کردار ادا کرنے کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ افسوس کہ 14سال کے طویل عرصے میں کسی حکومت نے قوم کی بیٹی کی رہائی کے لیے کوئی سنجیدہ اور باضابطہ کوشش نہیں کی ۔

حکمران طبقہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیے کوئی ایسی بات نہیں کہتا اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاتا جس سے امریکہ ناراض ہوجائے ۔حکمران امریکہ اور بھارت سے دوستی کر کے چاہتے ہیں کہ ان کی جان چھوٹ جائے ۔انہو ں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ عزت، حمیت اور قومی غیرت کی علامت ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی کی تحفظ کے لیے قطری شہزادے سے خط لکھوالیتے ہیں لیکن قوم کی بیٹی عافیہ کے لیے اپنے سکریٹری سے خط نہیں لکھواسکتے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی اسٹاف سے بھی پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ قوم کی بیٹی کی رہائی کے لیے اپنا کردار اداکریں ۔ایک فوجی حکمران جنرل مشرف کے دور میں ہی ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین وزیر اعظم نواز شریف کو غیرت دلانے کے لیے یہاں جمع ہوئی ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ عافیہ کی رہائی کے لیے خط ارسال کردیں ۔

ڈاکٹر فوزیہ نے حکومت سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دو دن رہ گئے ہیں وزیر اعظم پاکستان امریکی حکومت کو فوری خط ارسال کرکے اپنا قومی فریضہ انجام دیں ۔آج یہ مائیں اور بہنیں اپنی چار دیواری اور عزت کو قائم رکھنے کے لیے یہاں جمع ہیں ، 14سال کا عرصہ ہوگیا ہے لیکن ایک دفعہ بھی حکومت پاکستان نے باضابطہ رابطہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں جماعت اسلامی کی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو قوم کا مسئلہ سمجھتے ہوئے ہمارے ساتھ ساتھ رہے ۔

انسانی حقوق کی تنظیموں ، سیاسی جماعتوں اور اپوزیشن سے اپیل ہے کہ وہ اس موقع پر عافیہ کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ صدر اوباما نے اپنی مدت صدارت ختم ہونے سے قبل 1300 قیدیوں کی رہائی کا وعدہ کیا ہے رہائی کے لیے قیدیوں کی لسٹ میںڈاکٹر عافیہ صدیقی کا نام بھی شامل ہے ۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی حکومت پاکستان کی طرف سے صرف ایک خط کی مرہون منت ہے اور اس کے لیے اب چند گھنٹے باقی ہیں انہوں نے کہا اگر حکومت پاکستان نے اگر یہ موقع ضائع کر دیا تو قوم کبھی نواز شریف کو معاف نہیں کرے گی اور نہ ہی اللہ کی پکڑ سے کوئی انہیں بچا سکے گا انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے قوم کی بیٹی کی رہائی کے لیے امریکی حکومت کوباقاعدہ درخواست دے اور خدارا عافیہ کی رہائی کی اس سنہری اور تاریخی موقع کو ضائع نہ کرے ۔