فلسطین کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل پر پہنچے گی، میئرکراچی

کراچی کے عوام فلسطین کی آزادی کے مطالبے میں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، فلسطین فائونڈیشن کے وفد سے بات چیت

منگل 17 جنوری 2017 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ فلسطین کی جدوجہد آزادی ایک دن ضرور اپنی منزل پر پہنچے گی، فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں وہاں کے لوگوں کا لہو شامل ہے اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی کراچی کے عوام فلسطین کی آزادی کے مطالبے میں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے میئر کراچی کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں رکن صوبائی اسمبلی محفوظ یار خان، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ باقر زیدی، پیرزادہ اظہر علی شاہ ہمدانی، راجہ علی ایڈوکیٹ، بشیر القادری، سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم اور میڈیا سیل انچارج علی احمد شامل تھے، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی اور کراچی میں زیر تعلیم فلسطینی طلبا بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد کے ارکان نے میئر کراچی کو بتایا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور انہیں اس کا حق دیا جانا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں رہتے ہوئے اور آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے فلسطین کو اس کا حق دلانے کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے، علامہ باقر زیدی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو بھلایا نہیں جاسکتا یہ ایک اہم مسئلہ ہے اور اس کا جلد حل نکالنا ہوگا، میئر کراچی وسیم اختر نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے ارکان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے میں یہ کہوں گا کہ فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے کراچی کی آواز بھی اس میں شامل ہے اور مسئلہ فلسطین کے جلد از جلد حل کے لئے آوازبلند کی جاتی رہنی چاہئے انہوں نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی یہ کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی اور اہلیان فلسطین کو ایک دن ضرور انصاف ملے گا۔

اس موقع پر فلسطین فائونڈیشن کے وفد کی طرف سے میئر کراچی وسیم اختر کو فلسطین کا قومی نشان پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :