ایرانی قونصل جنرل کی میئرکراچی سے ملاقات

ایرانی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے،حامد رضا نزراتی موجودہ بلدیاتی قیادت کراچی کو ایک جدید اور تمام سہولیات سے آراستہ شہر بنا نا چاہتی ہے ، وسیم اختر

منگل 17 جنوری 2017 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر ایرانی قونصلیٹ کے کمرشل اینڈ اکنامک قونصلر حامد رضا نزراتی اور کمرشل اتاشی مراد نعمتی بھی ان کے ہمراہ تھے، ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایرانی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور لاڑکانہ، نواب شاہ، تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایران کے تعاون سے تعلیم اور صحت سے متعلق فلاحی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان برادر ہمسایہ ملک ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے لئے پسندیدگی کے جذبات رکھتے ہیں ، ایران کے شہر مشہد اور کراچی کو جڑواں شہر قرار دیا جاچکا ہے ، ایرانی قونصل جنرل نے میئر کراچی وسیم اختر کو اس موقع پر ایران کے شہر مشہد اور تہران کا دورہ کرنے اور وہاں کے بلدیاتی نظام کا جائزہ لینے کی دعوت بھی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا اور باہمی روابط مضبوط تر ہوںگے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تاریخی عمارت آمد پر ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی کو خوش آمدید کہا اور شہر کے لئے بنائے گئے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت کراچی کو ایک جدید اور تمام سہولیات سے آراستہ شہر بنا نا چاہتی ہے اور اس مقصد کے تحت متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے مستقبل میں بہترین نتائج برامد ہوں گے۔ میئر کراچی نے ایران کے قونصل جنرل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے شیلڈ بھی پیش کی۔