برطانیہ سی پیک کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے،برطانیہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل روش ہے، ضرب عضب کے نتیجے میں پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،

برطانوی ہائیِ کمشنر تھامس ڈریو کا فیوچر لیڈرز کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

منگل 17 جنوری 2017 21:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ برطانیہ سی پیک کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے۔برطانیہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ضرب عضب کے نتیجے میں پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ برطانوی ہائیِ کمشنر نے منگل کو پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی 70ویں سالگرہ پر اسلام آباد میں فیوچر لیڈرز کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ برطانیہ سی پیک کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن نے فیوچر لیڈرز کانفرنس میں اپنی 70ویں انیورسری کیمپین کا آغاز کردیا۔اس ایک سالہ کیمپین میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 70 سال پر محیط تعلقات کی گرم جوشی کو اجاگر کرتے ہوئے دو طرفہ تجارتی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے سرگرمیاں اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

فیوچر لیڈرز کانفرنس پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سافٹ پاور سے متعلق باصلاحیت نوجوانوں کی آراء حاصل کرنے کے مقصد سے منعقد کی گئی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور چیرمین سینٹ کمیٹی برائے خارجہ پالیسی سرداراویس لغاری نے کانفرنس سے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آنے والے برسوں میں پاکستان کی پیش قدمی کی سمت کا تعین یہاں موجود فیوچر لیڈرز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ستر سال پر محیط تعلقات پر نظر ڈالتے ہوئے ہم ان باہمی تعلقات کے اگلے ستر سال کے بارے میں بھی سوچنا چاہیں گے۔ تقریبات کے دوران ہم برطانیہ اور پاکستان کی شراکت کی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقبل میں اس کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل روش ہے۔