کے پی کے اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی اکوڑہ خٹک آمد

مولانا سمیع الحق سے صوبے میں دینی اقدامات نصاب دینیات اور دیگر امور تبادلہ خیال

منگل 17 جنوری 2017 21:41

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2017ء) کے پی کے اسمبلی کے سپیکر جناب اسد قیصر نے اکوڑہ خٹک میں جمعیة علماء اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ انہوں نے دارالعلوم کے مختلف تعلیمی شعبے اور حقانیہ ہائی سکول کا معائنہ کیا، اور مولانا سمیع الحق سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے نصاب تعلیم میں عقیدہ ختم نبوت کے نصاب میں شامل کرنے اور چھٹی کلاس سے بارہویں جماعت تک قرآن کریم بمعہ ترجمہ بطور لازمی مضمون قرار دینے سے آگاہ کیا،انہوں نے اسکولوں کے نصاب کے بارہ میں اٹھائے گئے الزامات اور اعتراضات کے بارہ میں کہا کہ بہت جلد اس مسئلہ پر صوبائی کابینہ غور کرے گی، اوراگر کوئی غلط بات سامنے آئی تو فوراً اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مولانا نے دینیات کے نصاب کے بارہ میں انہیں دارالعلوم کے جید علماء اور مفتیوں سے ملایا جو نصاب تعلیم پر نظرثانی کرنے والی کمیٹی سے مشاورت اور رہنمائی کرے گی، جناب سپیکر نے صوبائی حکومت کی طرف سے نجی سطح پر جاری سودی کاروبار کے ممانعت کے بارہ میں کی گئی قانون سازی سے بھی مولانا کو آگاہ کیا، مولانا سمیع الحق نے ان تمام دینی اقدامات کو سراہا، اور اسلامائزیشن کے سلسلہ میں مزید اقدامات کی طرف توجہ دلائی اور کہاکہ حقیقی تبدیلی یہی ہوگی اور جو ملک کے تمام صوبوں کے لئے ایک آئیڈیل بن سکے گی،انہوں نے حقانیہ ہائی سکول کے استقبالیہ تقریب سے بھی خطاب کیااور سکول کو ایک مثالی اسلامی کالج بنانے کی ضرورت پر زور دیا،دیگر صوبائی افسران کے علاوہ مقامی ایم پی اے جناب ادریس خٹک ،جناب عارف احمد زئی ایم پی اے وغیرہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :