اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام سہ روزہ نمائش کا انعقاد جمعہ سے شروع ہو گا

منگل 17 جنوری 2017 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام اسلام آباد کی دستکاری مصنوعات اور خواتین انٹرپرینیورز کی مصنوعات کی تین روزہ نمائش کا انعقاد چیمبر کے ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر ، جی ایٹ ون میں آئندہ جمعہ 20جنوری 2017 سے شروع ہو گا جس میں وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والی خواتین اور تاجر حضرات اپنی مصنوعات کے سٹال لگائیں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شہر بھر کی مختلف تنظیموں کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جمعہ کی سہ پہر نمائش کی افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر عمر مہمان خصوصی ہو ں گے جبکہ سی ڈی اے کے چیئرمین شیخ انصر عزیز تقریب کی صدارت کریں گے۔

(جاری ہے)

نمائش میں دستکاری اور خواتین کی مصنوعات کے تقریبا پچاس سٹال لگائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ نمائش میں فوڈ کورٹ اور میوزیکل پروگرام کا بھی اہتمام ہو گا اور بچوں کیلئے تفریح کے انتظامات ہوں گے۔ دستکاری اور خواتین انٹرپرینیورز کی مصنوعات کی نمائش میں خرید و فروخت کی اجازت ہو گی۔ کاروباری حلقہ میں مذکورہ نمائش کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے تمام ممبران اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سہ روزہ نمائش میں بھرپور شرکت کریں۔

متعلقہ عنوان :