پیٹرولم مصنوعات میں اضافہ باعث تشویش اور قابل مذمت ہے‘ذکر اللہ مجاہد

حکومت عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 17 جنوری 2017 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ باعث تشویش اور قابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ عوام دشمنی کا ثبوت ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتیںمسلسل کم ہونے کے باوجود ہمارے ملک میں قیمتوں میں اضافے کے فیصلے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ۔

انہو ں نے کہا کہ خطے میں پاکستانی عوام سب سے مہنگا پیٹرول خریدرہی ہیں ، وزارت خزانہ اور اُوگر اخطے کے دیگر ممالک سے قیمتوں کا موازنہ کرتے نظر آتے ہیں تو انہیں ملکی کرنسی کی قدر کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ پیٹرولیم منصوعات ہوں یا دوسرے ٹیکسز حکومت کا مقصد صرف غریب عوام کا خون چوسنا ہے ، گذشتہ دوبرسوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات نیچے عوام تک نہ پہنچ پائے، مہنگائی کا طوفا ن دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے جس کی ذمہ دار ہماری حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں روپے کی تنخواہ لینے والے اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھنے والوں کو دوچار روپے کی کمی بیشی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ان چند روپیوں کو جواز بنا کر اشیائے صرف سمیت بہت سی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا جس کا سارا بوجھ غریب عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف میسر رہے ۔

متعلقہ عنوان :