لیاقت بلوچ کی مسجد نبویؐ میں ادارہ توجیہات و ارشاد کے مدیر اعلیٰ الشیخ محمد ابراہیم الغامدی سے ملاقات

حرم نبویؐ میں قرآن و احادیث کی تعلیمات ، درس کے نظام سے آگہی حاصل کی ، سعودی عرب ، پاکستان تعلقات اور حالات پر تبادلہ خیال

منگل 17 جنوری 2017 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مسجد نبویؐ میں ادارہ توجیہات و ارشاد کے مدیر اعلیٰ الشیخ محمد ابراہیم الغامدی سے ملاقات کی اور حرم نبویؐ میں قرآن و احادیث کی تعلیمات ، درس کے نظام سے آگہی حاصل کی اور سعودی عرب ، پاکستان تعلقات اور حالات پر تبادلہ خیال ہوا ۔

اس موقع پر احمد سلمان بلوچ ، احمد حسان بلوچ بھی موجود تھے ۔الشیخ محمد ابراہیم الغامدی نے کہاکہ سعودی عرب کے لیے یہ امر خوش کن ہے کہ عالم اسلام کے اہم ملک اور سعودی عرب کے بااعتماد دوست پاکستان میں حالات بہتری کی طرف آر ہے ہیں ۔ پاکستان کی دینی ، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو اپنے ملک کے استحکام اور ترقی و امن کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

مضبوط اور ترقی کرتا پاکستان پورے عالم اسلام کے لیے ناگزیر ہے ۔ سعودی عرب کی سلامتی کو کئی خطرات کا سامناہے لیکن دشمن ناکام ہوگا ، عالم اسلام کے مسائل کا حل قرآ ن و سنت کی روشنی میں منصفانہ نظام ہے ۔ اہل اسلام اللہ کی غلامی اور احکامات کی پابندی کریں تو آسانیاں پیدا ہوں گی ۔ لیاقت بلوچ نے مدینہ منورہ میں گزشتہ دنوں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی اور کہاکہ حرمین شریفین سے اہل پاکستان کی عقیدت و محبت کا کوئی شمار نہیں اور سعودی عرب سے دوستی اور تعلق پر پاکستان کے عوام کو فخر ہے ۔

پاکستان میں دینی جماعتیں نفاذ شریعت کے لیے متحد اور فرقہ واریت ، نفرتوں کے سدباب کے لیے متحد ہیں ۔ سعودی عرب میں پاکستانی عقیدت ، محبت ، احترام سے کام کرتے ہیں ۔ سعودی حکومت ترجیحی بنیادوں پر کارکنان کے مسائل کے حل پر توجہ دے ۔ پاکستان عالم اسلام کا بااعتماد اور طاقتور دوست ہے ۔ پاکستان کی ہر صلاحیت ، اہل اسلام کا سرمایہ ہے ۔