پانامہ کیس وزیراعظم اور ان کے خاندان کیلئے گلے کی ہڈی بن گیا ہے‘ امیر العظیم

اسلامی وکرپشن فری پاکستان ہی خوشحال،پُرامن ومستحکم پاکستان کی ضمانت ہے پارلیمنٹ اورعوام کے سامنے جھوٹ بولنے والے حکمران صادق وامین اور ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے، مرکزی سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی

منگل 17 جنوری 2017 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم نے کہا ہے کہ اسلامی وکرپشن فری پاکستان ہی خوشحال،پُرامن ومستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، پارلیمنٹ اورعوام کے سامنے جھوٹ بولنے والے حکمران صادق وامین اور ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے۔پانامہ کیس وزیراعظم اور ان کے خاندان کیلئے گلے کی ہڈی بن گیا ہے، حکومتی بیانات میں تضادات نے ان کے جھوٹ کا پول کھول دیا ہے، جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمے اور اصلاح معاشرہ کیلئے اپنی کوششیں وجدوجہد جاری رکھے گی،ذمہ داران میڈیا کے محاذ پر جماعت اسلامی کو مؤثرقوت بنانے کیلئے اپنی کوشش کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، وزیرعلی جمالی، ریاض صدیقی ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نے سیاسی بونوں اور کرپٹ چہروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، دنیا کی عدالت میں تو وہ جھوٹ بول کر جان چھڑاسکتے ہیں مگر اللہ کی عدالت سے ہرگز نہیں بچ سکتے۔

امیر العظیم نے کہا امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے جس کی رہائی کیلئے حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا مگر چارسال گذرجانے کے باوجود اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی،مہنگائی،بدامنی اور توانائی بحران کی طرح ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا دعویٰ بھی حکمرانوں کا جھوٹا نکلا۔