سیاسی قیادت کا کام ترقیاتی وژن دینا ہوتا ہے ، اس پر عملدرآمد حکومتی مشینری کی ذمہ داری ہے ،ثناء اللہ زہری

ہم نے صوبے کی ترقی کی سمت متعین کردی ، اب متعلقہ محکموں اور افسران کافرض ہے وہ شب و روز محنت کرکے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں،وزیر اعلی بلوچستان

منگل 17 جنوری 2017 23:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کا کام ترقیاتی وژن دینا ہوتا ہے جبکہ اس پر عملدرآمد حکومتی مشینری کی ذمہ داری ہے ہم نے صوبے کی ترقی کی سمت متعین کردی ہے اب یہ متعلقہ محکموں اور افسران کافرض ہے کہ وہ شب و روز محنت کرکے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں ۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اقتصادی راہداری میں بلوچستان کے منظور شدہ اور نئے شامل ہونے والے منصوبوں کی ابتدائی کاروائی مکمل کریں تاکہ چینی حکومت کے ساتھ مل کر ان منصوبوں پر جلد از جلد عملدرامد کا آغاز ہوسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ جے سی سی کے گذشتہ دنوں بیجنگ میں منعقدہ اجلاس میں بلوچستان کے 12اہم منصوبوں کی اقتصادی راہداری میں شمولیت ایک اہم پیشرفت اور سی پیک میں گوادر اور بلوچستان کی اہمیت کا مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے کہ یہ منصوبہ بلوچستان کی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع ہے جس سے ہمیں بھرپور فائدہ اٹھانا ہے قوموں کی زندگی میں ایسے مواقع کبھی کبھار ہی ملتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی دانشمندانہ قیادت میں اقتصادی راہداری کی صورت میں پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کا صنعتی و تجارتی مرکز بننے جارہا ہے جس میں بلوچستان کا سب سے بڑا اور اہم حصہ ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کئی ایک دوست ممالک کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ میں شمولیت کی خواہش ثابت کرتی ہے کہ یہ منصوبہ گیم چینجر ہے جس کے اثرات دنیا کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں پر مرتب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وہ جلد اجلاس منعقد کرکے سی پیک کے منصوبوں کی تیاری کا جائزہ لیں گے اور براہ راست ان کی نگرانی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :