موجودہ حکومت کے تعاون سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے غربت میں 7 فیصد کمی کی ہے، پہلے 64 فیصد جبکہ اب 76 فیصد خواتین اپنے پیسے خود خرچ کر رہی ہیں ،ماروی میمن

منگل 17 جنوری 2017 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے تعاون سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے غربت میں 7 فیصد کمی کی ہے، پہلے 64 فیصد خواتین اپنے یہ پیسے خود خرچ کرتی تھیں جبکہ اب الحمدللہ 76 فیصد خواتین اپنے پیسے خود خرچ کر رہی ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’چوتھا ستون‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آکسفورڈ مینجمنٹ پالیسی کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ ہم سب کے لیے باعث اطمینان ہے کیونکہ اس رپورٹ میں بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کوششوں اور ان کے وسیلہ تعلیم سے لیکر دیگر پروگراموں سمیت اس پروگرام کی شفافیت کو بھی سراہا گیا اور اسے پاکستان میں غربت میں کمی کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے لیے پورا پاکستان ایک ہے اور ہم سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں خواہ وہ کوئی بھی صوبہ ہو کیونکہ ہمارا بنیادی مقصد لوگوں کی غربت کو کم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

چیرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے کیونکہ ان لوگوں کو اب یہ پختہ یقین ہو چکا ہے کہ ہر 3 ماہ کے بعد اس کے پیسے آنے ہی آنے ہیں جو کہ پہلے نہیں ہوتا تھا اس لیے اب وہ اسی منصوبہ بندی سے چلتے ہوئے اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔کچھ علاقوں میں ابھی تک شکایات ہیں جنہیں ختم کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب یہ پروگرام شروع ہوا تو 1.7ملین خواتین سے شروع ہوا تھا جسے پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بڑھا کر 5.4 ملین تک لے گئی ہے ، وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی کوششوں سے اس پروگرام کا بجٹ بھی 40 بلین روپے سے بڑھا کر 117 بلین روپے کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پروگرام میں شامل ہونے والے خود ساختہ ایجنٹوں سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جا رہا ہے اور کارڈ سے مستفید ہونے والوں کو تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ اپنا کارڈ خود ہی استعمال کریں اور کسی کو نہ دیں، ماروی میمن نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی مشکلات میں کمی اور انہیں مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم و موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ہم پرعزم ہیں کہ خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے، ہماری حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت اس پروگرام کودنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے جو خوش آئند ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بھی بہتر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :