بھارت نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کی اہلیت نہیں رکھتا، علی سرور نقوی

بدھ 18 جنوری 2017 11:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) سابق سفیر علی سرور نقوی نے کہا ہے کہ بھارت نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کی اہلیت نہیں رکھتا۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے بھارت کو نیوکلیئر سپلائیر گروپ کی رکنیت کی حمایت کرنا درست عمل نہیں کیونکہ بھارت ایک جنونی ملک ہے اور اس کو خطے کے کئی ممالک کو خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

علی سرور نقوی نے کہا کہ چین اصولوں پر کاربند ملک ہے اور اسکی جانب سے بھارت کو نیوکلئیر سپلائیر گروپ کی رکنیت دینے کی مخالفت درست اقدام ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ،آسٹریا، اور ترکی بھی اس رکنیت کے خلاف ہیں۔ مذکورہ ممالک کا کہنا ہے کہ اگر بھارت رکنیت کی ضروریات کو پورا کرتا ہے تو اسے نیوکلیئر سپلائر گروپ میں رکنیت حاصل کرنے کی اجازت دی جائے ۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق سفیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے اور عالمی برادری اس کی مخالفت کرنے کی بجائے اسے پاکستان اور بھارت کا اندرونی مسئلہ کہہ کر ٹال رہی ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :