متنازعہ کشمیر کے تئیں اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیںروائتی بیان بازی سے آگے بڑھیں ‘ بھارت کے منفی رویہ نے جنوبی ایشیاء کو نیوکلیئر فلیش پوائینٹ پر لاکھڑا کیا ہے‘ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے

ْقومی اتحاد پارٹی کے چیئر مین شہزاد خان اور سینئر رہنما ابرار فاروق کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 18 جنوری 2017 14:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) قومی اتحاد پارٹی کے چیئر مین شہزاد خان اور سینئر رہنما ابرار فاروق نے کہا ہے کہ متنازعہ کشمیر کے تئیں اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیںروائتی بیان بازی سے آگے بڑھیں ، بھارت کے منفی رویہ نے جنوبی ایشاء کو نیوکلیئر فلیش پوائینٹ پر لاکھڑا کیا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور ان خطوں میں لوگ پچھلی 7دہائیوں سے اپنے پیدائشی حقوق کی بازیابی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

دونوں مسائل میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اور ان علاقوں میں قابض فورسز نہتے شہریوں پر بے پناہ مظالم ڈھارہی ہیں۔ قتل، ریپ اور گھروں کی مسماری ایک عام سی بات ہے اور لوگوں کو سالہاسال تک بغیر کسی قانونی جواز کے جیلوں میں رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اُنھوں نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان اس مسئلے کے حوالے سے کسی سمجھوتے پر پہنچ بھی جاتے ہیں تو یہ کشمیری عوام کو قابل قبول نہیں ہوگا کیونکہ کشمیری عوام کو نظر انداز کر کے اس مسئلے کا کوئی دو طرفہ حل تلاش کرنے کی کوشش نہ صرف اس مسئلے کی تاریخی حقیقتوں کے منافی ہوگی بلکہ تمام مسلمہ سیاسی اصولوں اور انسانی قدروں سے انحراف کے مترادف ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے سبزہ زار خون کی سرخی اختیار کر چکے ہیں،کشمیری قوم پر انسانیت سوز مظالم ڈھا کر بھارت اپنی طاقت دکھا رہا ہے،مگر صد افسوس! دنیا میں امن کا درس دینے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بن کر کشمیریوں پر ظلم و ستم ہو تا دیکھ رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہا ہے کہمقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی و سفاکی اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے اور دوسری طرف اقوام متحدہ زبانی کلامی بیانات سے مظلوم کشمیریوں کا دِل بہلا رہی ہے۔اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسئلہ کشمیر حل کروائیں۔