مفاد پرست عناصر پیرا میڈیکل کے جعلی الیکشن کے ڈرامہ سے باز رہیں‘ تنظیمی انتخابات جنوری 2016ء میں منعقد ہو چکے ہیں‘ مدت دو سال ہے‘ شرپسند عناصر توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں‘تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی آگاہ کردیا‘ ضلعی اتنظامیہ ان عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کرے

پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے صدر وقار جعفری کی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

بدھ 18 جنوری 2017 15:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے انتخابات جنوری 2016ء میں منعقد ہو چکے ہیں۔ ان انتخابات میں کامیاب ہو نیوالی مرکزی تنظیم ملازمین کے بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔آئین کے مطابق تنظیم کی مدت 2سال مقرر ہے ۔ پچھلے چند روز سے شرپسند عناصر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے نام سے انتخابات کا ڈھونگ رچائے ہوئے ہیں۔

ماضی میں انتخابات کے دوران ان لوگوں نے اپنے آپ کو ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن کا حصہ ظاہر کرتے ہوئے پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ بعدازاں ان لوگوں نے غیرآئینی طور پر متوازی جعلی الیکشن کمیشن بناکرایک غیر آئینی فرضی پیرا میڈیکل ہیلتھ ایمپلائرز آرگنائزیشن کے نام سے متوازی باڈی کا اعلان کیاتھا اور انہی لوگوں نے پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے منتخب نمائندوں کیخلاف مختلف عدالتوں میں بے بنیاد کیسز دائر کئے جن کو بوگس ہونے کی بنیاد پر معزز عدالتوں نے خارج کردیا تھا اور قرار دیا تھاکہ پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی منتخب باڈی ہی حقیقی باڈی ہے۔

(جاری ہے)

پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے ملازمین ان شرپسند عناصر کی چہرہ دستیوں اور اچھل کود کے جھانسہ میں نہیں آئینگے۔موجودہ باڈی دو سالہ مدت پوری کرنے کے بعد آئینی طریقے سے الیکشن کا انعقاد کرائے گی۔ ان خیالات کااظہار گزشتہ روز پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید وقار حسین جعفری نے مرکزی نمائندگا ن کے اجلاس کے بعد مرکزی عہدیداران کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سپریم ہیڈ ممتاز حسین پیرزادہ ‘ چیف آرگنائزر قاضی تنویر حسین ‘ نگران اعلیٰ شیخ منظور احمد ‘ سینئر مرکزی رہنماء سید صمصام علی صامی ‘ سیکرٹری جنرل راجہ شاہد منیر خان‘ صدر ضلع مظفرآباد ملک عرفان ‘ جنرل سیکرٹری ضلع مظفرآباد نذیراحمد کھوکھر‘ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ضلع مظفرآباد سید لیاقت حسین نقوی ‘صدر سی ایم ایچ یونٹ راجہ ذوالفقار احمد ‘ صدر تحصیل مظفرآباد راجہ اسد نصاب ‘ نصیر اعوان ‘ سید امداد حسین کاظمی راجہ شبیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈیموکریٹک کے مرکزی رہنما ء ظہور افسر عباسی نے پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی صدر سید وقار حسین جعفری نے کا مزید کہنا تھا کہ مفاد پرست عناصر کوملازمین پہلے مسترد کرچکے ہیں۔ ان عناصر نے ملازمین کی اجتماعیت کو نقصان پہنچانے کیلئے ہمیشہ ملازمین کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے ۔ یہ لوگ کسی طور بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیر جیسے مقدس فورم پر ایک ایم ایل اے کے لیٹر پیڈ پر جعلی دستاویز کے ذریعے جس میں پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے ماضی میں ہونے والے انتخابات کو غیر قانونی لکھ کر حکم امتناعی کیلئے رجوع کیا تھا ۔جس کیلئے ہم نے بروقت معزز عدالت میں فریق بننے کی درخواست دیدی تھی ۔ عدالت گرامی نے ہماری درخواست کو پذیرائی بخشتے ہوئے اس مقدمہ میں فریق بنایا۔

جس کیلئے 23جنوری 2017ء کی تاریخ عذرات مقرر ہے ۔ ساتھ ہی عدالت العالیہ نے صور ت موقع ( سٹیٹس کو) کو برقرار رکھا ہے۔ اس کو مخالفین اپنی مرضی کی تشریح کرتے ہوئے نہ صرف جعلی الیکشن کا ڈھونگ رچائے ہوئے ہیں بلکہ معزز عدالت کے حکم کی توہین کے بھی مرتکب ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں باغ کی سول عدالت نے ان عناصر کیخلاف 20جنوری 2017ء تک پہلے سے حکم امتناعی جاری کررکھا ہے۔

اس کے باوجود یہ مسترد شدہ عناصر اپنے غیر قانونی مفادات کے حصول کیلئے اوچھے ہتھکنڈے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ان عناصر کیخلاف ان غیر قانونی اقدامات پر بھرپور کارروائی کرے ۔ اس کیلئے ہم نے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ تحریری طورپر آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق کرتے ہوئے اجتماعیت کو برقرار رکھیں ۔ ان جعلی ساز عناصر کے ہاتھ سوائے رسوائی کے کچھ نہیں آئے گا۔

متعلقہ عنوان :