او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس کل کوالالمپور میں ہو گا، روہنگیا مسلمانوں کی صورتحال پر غور ہوگا،مشیر خارجہ سرتاج عزیز پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

بدھ 18 جنوری 2017 16:07

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس کل کوالالمپور میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس کل جمعرات کو ملائشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں منعقد ہو گا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔ غیر معمولی سیشن ملائیشین حکومت کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے،جس میں میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کی صورتحال اور راخین سٹیٹ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر بحث ہو گی۔

بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز غیر معمولی سیشن میں پاکستانی وفد کی قیادت کریںگے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تشدد کی بنیادی وجوہات کو دور کرنے اور بے گھر روہنگیا آبادی کی واپسی کیلئے اقدامات اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے روہنگیا مسلمانوں کا معاملہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا ہے اور اور آئی سی پر بھی روہنگیا مسلمانوں کے مصائب کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا تھا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر روہنگیا کے متاثرین کی امداد کیلئے پانچ ملین ڈالر مالیت کے چاول بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔توقع ہے کہ اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں روہبگیا مسلم اقلیت کی صورتحال کے حوالے سے حتمی اعلامیہ جاری کیا جائے گا ،جسے وزراء خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :