پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی سچی اور کھری باتیں چبھتی ہیں اس لئے او ان کی کردارکشی میں پیش پیش ہیں، ڈپٹی میئر فیڈرل کپیٹل اسلام آباد چوہدری رفعت جاوید

بدھ 18 جنوری 2017 16:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ڈپٹی میئر فیڈرل کپیٹل اسلام آباد چوہدری رفعت جاوید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما و وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی سچی اور کھری باتیں چبھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے رہنما چوہدری نثار علی خان کی کردارکشی میں پیش پیش ہیں، ان رہنمائوں کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہئے کہ چوہدری نثارعلی خان پر تنقید آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔

بدھ کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے رہنما وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکو مت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر بے مقصد تنقید کرکے درحقیقت اپنی اہمیت اور سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، چوہدری نثار علی خان کی کارکردگی کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، اگر ہمارے قابل احترام لیڈر چوہدری نثار علی خان کی کردارکشی جاری رہی تو اس کاجواب بھی مناسب طریقے سے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چوہدری رفعت جاوید نے کہا کہ اپوزیشن پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب ترین پالیسیوں اور شاندار کارکردگی کی حامل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کمزور کرنے کیلئے چوہدری نثار علی خان کو گرانا چاہتے ہیں جو پاکستان میں 20 کروڑ عوام کی حمایت اور تائید سے کھڑا ہے، چوہدری نثار علی خان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کا طویل سیاسی کیرئیربے داغ اور پاک ہے، ان جیسے نڈر اور بے باک لیڈرکے خلاف اپوزیشن کو ایسی باتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔

ڈپٹی میئر اسلام آباد چوہدری رفعت جاوید نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ان کے حواریوں کاسیاسی باب بند ہو چکا ہے، محب وطن وزیر داخلہ پر ان کی تنقید ایک بچگانہ حرکت ہے، چوہدری نثار علی خان پر تنقید کرنے والوں کی پوری پارٹی کرپشن کے سمندر میں غرق ہو چکی ہے۔