بی بی سی کی رپورٹ میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے متعلق حقائق کے متعلق غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی، مسلم لیگ(ن) کی حکومت پانامہ لیکس بارے کسی دبائو میں مبتلا نہیں، بیگم زیب النساء اعوان

بدھ 18 جنوری 2017 16:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بیگم زیب النساء اعوان نے کہا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے متعلق حقائق کے متعلق غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی اور ایک ایسے وقت میں جب معاملہ کورٹ میں زیر بحث ہو عدالت کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پانامہ لیکس بارے کسی دبائو میں مبتلا نہیں۔

بدھ کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی آڑ میں جو یہ سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف یا ان کی حکومت کسی دبائو میں ہے یہ عناصر اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ حکومت نے ا س سے قبل بھی ایسی سازشوں اور سازشی عناصر کا مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے، ہم وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان پر لگائی جانے والی مضحکہ خیز بہتان تراشیوں کا تمام سیاسی اور قانونی محاذوں پر مؤثرجواب دیں گے۔

(جاری ہے)

بیگم زیب النساء اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پانامہ لیکس مقدمہ کوئی ثبوت پیش نہ کرسکنے کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہو کر وزیراعظم نواز شریف پر بے جا الزام تراشی کررہے ہیں، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف عوام میں اپنی مقبولیت بڑھانے کیلئے مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر تنقید کو سیاسی ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے لیکن وہ کسی خوش فہمی میں نہ رہے کیونکہ باشعور عوام سب جانتے ہیں۔

مسلم لیگی رہنما بیگم زیب النساء اعوان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) نے سیاست میں رواداری اور جمہوری اقدار اور شفافیت کے مثالی کلچر کو فروغ دیا ہے جبکہ مخالفین نے سیاست کو پراگنداکرنے کی کوشش کی ہے۔