سپر لیگ کا لاہور میں فائنل، غیر یقینی کے بادل چھٹنے لگے

فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کی سپلیمنٹری ڈرافٹنگ کیلئے 10 غیر ملکی کرکٹرز سے یقین دہانی حاصل کر لی فائنل میچ کی سیکیورٹی کیلئے ضلعی انتظامیہ، ایجنسیوں سے معاملات طے، جائلز کلارک کیلئے بریفنگ بھی تیار

بدھ 18 جنوری 2017 16:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) سپر لیگ کے لاہور میں فائنل پر چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹنے لگے کیونکہ انتظامیہ نے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کی سپلیمنٹری ڈرافٹنگ کیلئے 10 غیر ملکی کرکٹرز سے یقین دہانی حاصل کر لی ہے جبکہ فائنل میچ کی سیکیورٹی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ایجنسیوں سے معاملات طے پانے کیساتھ ساتھ جائلز کلارک کیلئے بریفنگ بھی تیار کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل میچ لاہور میں منعقد کرنے بارے مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فائنل میچ کے لئے میڈیا ایکریڈیشن فارم جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کی سپلیمنٹری ڈرافٹنگ کے لئے دس غیر ملکی کھلاڑیوں سے یقین دہانی حاصل کر لی ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق اگر فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے کسی نے پاکستان آنے سے معذوری ظاہر کی تو ان ٹیموں کو اجازت ہو گی کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سپلیمنٹری ڈرافٹنگ سے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ کی دس غیر ملکی کھلاڑیوں سے پاکستان آ کر کھیلنے کے لئے بات چیت کامیاب ہو گئی ہے تاہم ان کے نام ابھی ظاہر نہیں کئے جا رہے۔ نجم سیٹھی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو زائد رقم دے کر لاہور میں فائنل کھیلنے پر رضامند کر لیں گے۔دوسری جانب پی سی بی فائنل میچ کے لئے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت کر چکا ہے جبکہ پاکستان کے لئے آئی سی سی ٹاسک فورس کے چیئرمین جائلز کلارک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں مدد دینے کے لئے کامن ویلتھ کی ٹیم لاہور لے کر آ رہے ہیں جس کے سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لئے وہ رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں لاہور آئیں گے۔

پی سی بی انتظامیہ نے انہیں تفصیلی بریفنگ دینے کے لئے ڈرافٹ مکمل کر لیا ہے تا کہ انہیں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :