کلرکہار اور خوشاب کے سیاحتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، سون سکیسر ویلی میں عالمی معیار کے مطابق ریزاٹ اور تفریحی سرگرمیاں مہیا کی جائیں، کھبیکی جھیل کو سٹیٹ آف دی آرٹ معیار کے مطابق خوبصورت بنایا جائے،3نئی ٹورسٹ بسوں کی آمد‘ٹی ڈی سی پی پتریاٹہ ،اچھا لی لیک اور دیگر مقامات پر ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرے، حمزہ شہباز کی ہدایت

بدھ 18 جنوری 2017 17:20

کلرکہار اور خوشاب کے سیاحتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ وادی سون سکیسر میںعالمی معیار کے مطابق پبلک ریزاٹ اور تفریحی سرگرمیوں کی تشکیل کو یقینی بنایا جائے اور پنجاب حکومت کے 194ملین روپے کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میںمعیاری انداز میںمکمل کیاجائے۔ بدھ کویہاں ٹو رازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ کلرکہار اور خوشاب کے گردوپیش سیاحتی منصوبوں کو جلداز جلد پایہ تکمیل تک پہنچا یاجائے ۔

اسی طرح پتریاٹہ چیئر لفٹ کی بحالی و مرمت، اچھالی لیک میںجاگنگ و بائی سائیکل ٹریک ،ریسٹورنٹ کی تعمیر او رماسٹر پلان کے مطابق ترقیاتی منصوبے 30مارچ تک مکمل کئے جائیں اور ان تمام سیاحتی منصوبوں کو معیاری اندازمیں مکمل کیاجائے ، انہوںنے کہاکہ صوبہ پنجاب کے ٹورازم منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور کنہالی گارڈن ،کنھٹی باغ ،مری ،اچھالی لیک اور کھبیکی جھیل میںجاری ترقیاتی سکیموں کی وہ خود نگرانی کرینگے تاکہ وہاں جانے والے سیاحوں کو معیاری سہولتیں حاصل ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن صوبے میںنئے سیاحتی مقامات کی بھی نشاندہی کرے ۔انہوں نے لاہور میں تین نئی ٹور ازم بسوں کی شمولیت کو خوش آئند قراردیا ، اس طرح پتریاٹہ میں 9نئے چیئر لفٹ گینڈ لاگ اور جاری ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اجلا س میں حمزہ شہباز کو ایم ڈی ٹور ازم احمر ملک اور ڈائریکٹر جنرل اربن یونٹ ڈاکٹر ناصر نے شعبہ سیاحت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی ،وائس چیئر مین پنجاب ٹو رازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن عمران علی گورائیہ نے کہاکہ مقررہ مدت میں منصوبوں کی معیارکے مطابق تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا ۔

کمشنر سرگودہا نے یقین دلایا کہ خوشاب میںجاری سیاحتی منصوبوں میںکوئی کوتاہی نہیں برتی جائیگی۔ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ سون ویلی کے آئندہ تین سالہ فیزiiکے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کافوری آغازکیا جائے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹی ڈی سی پی کے عوامی دلچسپی کے منصوبوں کو خاصی پذیرائی مل رہی ہے او رلاہور میں سیاحتی بسوں پر 80ہزار وزیٹرز سیر کرچکے ہیں ،اسی طرح کلر کہار،مری سون سکیسر اور دیگر سیاحتی مقامات پر بھی واضح بہتری سامنے آرہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :